افغانستان کے آل راؤنڈر گلبدین نائب کی جانب سے منگل کے روز بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ کے آخری سپر ایٹ میچ کے دوران بار بار درد کی شکایت نے ایک تنازع پیدا کر دیا ہے۔
گلبدین پر کھیل کے دوران ’دھوکہ دہی‘ کا الزام عائد کیا جا رہا ہے اور ان کے بظاہر درد کی وجہ سے کرکٹ ماہرین اور سوشل میڈیا صارفین میں تاخیری حربوں کے استعمال پر ایک بحث چھڑ گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اسی دوران پاکستان کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان کا نام بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔
اس پر بات بعد میں لیکن پہلے دیکھتے ہیں کہ افغانستان کے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ہوا کیا تھا؟
افغانستان کے آل راوٴنڈر گلبدین نائب پر بنگلادیش کے خلاف میچ کے آخری سپر ایٹ میچ کے دوران ٹانگ میں درد کی شکایت پر ’فیک انجری‘ اور ’میچ تاخیر‘ کا الزام لگایا جارہا ہے جبکہ کئی سوشل میڈیا صارفین اس کا موازنہ پاکستان کے بیٹسمین محمد رضوان سے کررہے ہیں۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ راوٴنڈ کا آخری میچ منگل کے روز بنگلادیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا تھا، یہ میچ افغانستان نے جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا تھا لیکن میچ کے دوران افغان کھلاڑی گلبدین نائب کے درد سے متعلق گرما گرم بحث سوشل میڈیا پر جاری ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین گلبدین نائب پر ’فیک انجری‘ اور ’وقت ضائع‘ یا ’میچ میں تاخیر‘ کا الزام لگا رہے ہیں، کئی لوگوں نے اس کا موازنہ پاکستان کے بلے باز محمد رضوان سے بھی کیا جب اکتوبر 2023 میں بھارت کے شہر حیدر آباد دکن پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران محمد رضوان نے بھی درد کی شکایت کی تھی۔
معاملہ کیا تھا؟
میچ میں بارش سے وقفے سے عین قبل 11 ویں اوور جب بنگلادیش سات وکٹوں پر 81 رنز پر تھا اور ڈی ایل ایس میتھڈ اسکور سے صرف 2 رنز پیچھے تھا۔
اُسی وقت بوندہ باندی شروع ہوتی ہے اور افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ آسمان کی طرف اشارہ کرکے اپنے کھلاڑیوں کو میچ کو ’سلو ڈاوٴن‘ کرنے کا اشارہ دیتے ہیں۔
جس کے بعد اگلے ہی اوور میں جب بنگلادیشی باوٴلر گیند کروانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں تو وکٹ کے قریب موجود افغان فیلڈر گلبدین نائب ٹانگ میں شدید تکلیف کا اشارہ کرتے ہوئے زمین پر لیٹ جاتے ہیں۔
اور پھر سپورٹنگ اسٹاف انہیں میدان سے باہر لے جاتے ہیں، اس سب کے دوران بارش تیز ہوجاتی ہے اور میچ کو روک کر پچ کو ڈھانپ دیا جاتا ہے۔
البتہ کچھ ہی دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوتا اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ایک اوور کم کردیا گیا اور بنگلادیش کو ایک سو چودہ رنز کا ہدف ملا۔
کچھ ہی دیر بعد گلبدین دوبارہ میدان میں آتے ہیں اور 15ویں اوور کرواتے ہیں اس دوران انہوں نے ایک وکٹ بھی لی۔
اس کے نتیجے میں افغانستان یہ میچ آٹھ رنز سے جیت گیا اور سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ جان بوجھ کر میچ میں تاخیر کرنا آئی سی سی قواعد کے تحت جرم ہے۔
کس نے کیا کہا؟
جب افغان کوچ آسمان کی طرف اشارہ کرتے ہیں تو میچ کی کمنٹری کرنے والے نیوزی لینڈ کے کرکٹر سائمن ڈول نے کہا کہ ’یہ ناقابل قبول ہے، میں اسے نہیں مانتا، یہ میچ میں تاخیر کرنے کے حربے ہیں، بارش کی وجہ سے میچ کسی بھی طرف جاسکتا تھا۔‘
زمبابوے کے کمنٹیٹر پومی موانگبا نے کہا کہ ’یہ مضحکہ خیز ہے۔ اس کے لیے انہیں آسکر ملنا چاہیے۔‘
انڈین کرکٹر آر ایشون نے لکھا کہ ’گلبدین کے لیے ریڈ کارڈ۔‘
(یہاں ریڈ کارڈ یعنی فٹبال یا ہاکی میں فاوٴل پر کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دیا جاتا ہے)
ایشون کی ٹوئٹ پر گلبدین نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’کبھی خوشی، کبھی غم میں ہوتا ہے، ہیمسٹرنگ (پٹھوں میں درد)‘
آسٹریلین باوٴلر ایڈم زمپا نے اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اولڈ رین اسٹرنگ‘
اس کے علاوہ آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے گلبدین نائب کی انجری کے معاملے کو مزاحیہ قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نےکرکٹ کے میدان پر اس سے پہلے ایسی مزاحیہ چیز نہیں دیکھی، ہنسی سے میری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔
نیوزی لینڈ کے کمنٹیٹر ایان اسمتھ نے کہا کہ ’میرا گھٹنے میں پچھلے چھ مہینوں سے درد ہے، میں گلبدین نائب کے ڈاکٹر سے ملنا چاہوں گا‘۔
اس کےعلاوہ افغان کپتان راشد خان نے کہا کہ ’گلبدین نائب کو کچھ درد تھا، مجھے نہیں معلوم اس کے ساتھ کیا ہوا اور سوشل میڈیا پر کیا چل رہا ہے لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ کوئی ایسی چیز نہیں، جس سے میچ میں بڑا فرق آیا ہو‘۔
آئی سی سی قوانین کیا کہتے ہیں؟
اگر آئی سی سی اس واقعے کا جائزہ لے اور گلبدین نائب کو قصوروار پایا تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہو سکتی ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگر کوئی فیلڈر میچ میں تاخیر کرتا ہے تو امپائر میچ کے دوران باوٴلر یا کپتان پر جرمانہ کرسکتا ہے۔
آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت مچ کے دوران گلبدین نائب اگرقصوروار پائے جاتے ہیں تو کھلاڑی کی میچ فیس کا 100 فیصد تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
جرمانے میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو اضافی 5 رنز دینے پڑسکتے ہیں، میچ کے بعد امپائر واقعے کی تحقیقات کریں گے، اگر تحقیقات میں غلط کام کی تصدیق ہوئی تو باوٴلر، ٹیم یا کپتان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔