اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کابینہ اس وقت تک غزہ سیز فائر معاہدے کی منظوری نہیں دے جب تک ثالثی ممالک (مصر، امریکہ، قطر) تصدیق نہیں کردیتے کہ حماس نے معاہدے کے تمام شقوں پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
ایک بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’حماس نے ثالث ممالک اور اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے بعض حصوں سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی ہے تاکہ آخری لمحے میں مزید مطالبات کر سکے۔ اسرائیلی کابینہ کا اجلاس اس وقت تک نہیں بلایا جائے گا جب تک کہ ثالث ممالک اسرائیل کو اس بات کی تصدیق کریں کہ حماس نے معاہدے کے تمام حصوں کو قبول کر لیا ہے۔‘
اسرائیل کے اس اعلان کے بعد حماس کے سینیئر عہدیدار عزت الرشیق نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی گروپ ثالثوں کی طرف سے اعلان کردہ جنگ بندی کے معاہدے پر قائم ہے۔
اسرائیلی براڈکاسٹر کے مطابق اجلاس نہ بلانے کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وزیر خزانہ بزیلیل اسموٹریچ نے ابھی تک نیٹان یاہو کو نہیں بتایا کہ ان کی پارٹی معاہدے کے خلاف احتجاج کے طور پر حکومت چھوڑے گی یا نہیں۔
یاد رہے کہ پندرہ جنوری کو اسرائیل اور فلسطینی گروپ حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا تھا۔ ثالثی ممالک قطر اور امریکہ نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں فریقین قیدیوں کا تبادلہ کریں گے۔قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے کہا کہ جنگ بندی کا معاہدہ اتوار (انیس جنوری) سے شروع ہوگا۔
تاہم اسرائیل نے کہا کہ ’معاہدے میں ابھی بھی کئی ایسے پوائنٹس ہیں جنہیں حل نہیں کیا گیا اور ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان اہم پوائنتس کو جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی‘۔
اس معاہدے کے تحت کچھ وقت کے لیے اسرائیل غزہ پر بمباری نہیں کرے گا اور غزہ میں حماس کی زیر حراست قیدی اور اسرائیلی جیل میں قید فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا۔
غزہ پر حملے جاری
غزہ سول ڈیفنس کے ایک بیان کے مطابق بدھ کے روز ثالث ممالک کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد سے اسرائیلی فورسز نے غزہ پر بمباری تیز کردی ہے، جس میں کم از کم 73 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 19 بچے اور 24 خواتین شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 200 لوگ زخمی ہوئے۔
سول ڈیفنس نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے اسکول کو نشانہ بنایا جس میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔
غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 46 ہزار 707 فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ 10 ہزار265 زخمی ہو چکے ہیں۔