امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد بہت سے فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کی جانب سے میٹا کو شکایات موصول ہوئیں کہ وہ ٹرمپ، ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس کو فالو کررہے ہیں حالانکہ صارفین نے اپنے اکاؤنٹ سے انہیں پہلے کبھی فالو نہیں کیا تھا۔
فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کا کہنا تھا کہ ان کے اکاؤنٹس بغیر ان کی اجازت کے ٹرمپ اور ان کے ساتھیوں کے پروفائلز فالو کر رہے تھے۔
کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ اس کی وجہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کی ٹرمپ کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔
مارک زکربرگ نے ٹرمپ کی حلف برداری سے کچھ دن پہلے میٹا پلیٹ فارمز پر انڈیپنڈنٹ فیکٹ چیکرز کا استعمال روک دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے بجائے ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) جیسے ’کمیونٹی نوٹس‘ کا استعمال کیا جائے گا، جہاں صارفین فیصلہ کریں گے کہ آیا پوسٹس درست ہیں یا نہیں۔ ٹرمپ اور ان کے ساتھی پہلے ہی انڈیپنڈنٹ فیکٹ چیکرز سے متعلق شکایات کر چکے تھے۔
کچھ صارفین نے ٹرمپ اور ان کی اہلیہ اور جے ڈی وینس کو اَن فالو کرنے کی کوشش کی، مگر چند منٹ بعد خود بخود وہ انہیں فالو کررہے تھے۔
انسٹاگرام صارف ڈیمی لوواتو (جن کے انسٹاگرام پر 154 ملین فالوورز ہیں) نے سکرین شاٹ اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ٹرمپ کے نائب صدرجے ڈی وینس کو دو بار اَن فالو کرچکی ہیں لیکن پھر بھی وہ اکاؤنٹ اس کے فالوورز میں دکھائی دے رہے ہیں۔
میٹا کے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس وائٹ ہاؤس کے ذریعے چلائے جاتے ہیں اور جب صدر، نائب صدر یا فرسٹ لیڈی کا عہدہ بدلتا ہے تو ان اکاؤنٹس کو بھی نئے عہدے داروں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
یہی طریقہ کار پچھلے صدارتی انتخابات کے دوران بھی اپنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بیس جنوری کو ٹرمپ نے صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔