جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ 42 دن تک جاری رہے گا اور اس میں مزید یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی ہوگی۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کا تبادلیوں ہوگیا، جنگ بندی کے پہلے روز اسرائیل نے 90 فلسطینیوں کو رہا کیا جبکہ حماس نے تین قیدیوں کو اسرائیل کے حوالے کیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز اور اے ایف پی کے مطابق پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح ایک بجے کے قریب ریڈ کراس کی بسیں 90 فلسطینی قیدیوں کو ویسٹ بینک کے علاقے رام اللہ پہنچیں۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے تقریبات کے انعقاد کے خلاف انتباہ کے باوجود ہزاروں لوگ فلسطینی یرغمالیوں کے استقبال کے لیے جمع ہوئے۔
آزاد کیے گئے فلسطینیوں میں ویسٹ بینک اور یروشلم سے تعلق رکھنے والی 69 خواتین اور 21 نوعمر لڑکے شامل ہیں، جن میں سے کچھ کی عمریں 12 سال ہیں۔
ویسٹ بینک کے شہر رام اللہ میں رہا ہونے والے لوگوں کو ان کے اہل خانہ نے کندھوں پر اٹھا لیا، جب کہ دیگر نے نعرے لگائے اور سیٹیاں بجائیں۔ اجتماع میں کچھ لوگوں نے فتح، حماس، فلسطینی اسلامی جہاد اور دیگر مسلح مزاحمتی گروپوں کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
مارچ 2024 میں اسرائیل میں جیل میں بند فلسطینی صحافی بشریٰ التویل پیر کو رہا ہونے والوں میں شامل تھیں۔
انہوں نے الجزیرہ کو بتایا کہ ’انتظار بہت مشکل تھا، لیکن خدا کا شکر ہے، ہم جانتے تھے کہ ہم کسی بھی لمحے آزاد ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کے والد، جو اب بھی اسرائیلی جیل میں ہیں، اسی معاہدے کے تحت جلد ہی رہا ہونے والے ہیں۔ ’مجھے اپنے والد کی فکر ہورہی ہے، لیکن مجھے ابھی خوشخبری ملی ہے کہ اسے بھی رہا کر دیا جائے گا۔
23 سالہ آمندا ابو شرخ ان سینکڑوں افراد میں شامل تھی جو رہائی پانے والے قیدیوں کے استقبال کے لیے جمع تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’رہا ہونے والے تمام قیدی ہمارے لیے فیملی کی طرح ہیں۔ وہ ہمارا حصہ ہیں۔‘
نومبر 2023 کے بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کا یہ پہلا تبادلہ ہے۔
جنگ بندی معاہدے کے تحت رہا کیے جانے والے فلسطینیوں کی صحیح تعداد واضح نہیں ہے، تاہم بتایا جارہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران ایک ہزار سے لے کر دو ہزار کے قریب فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں حماس 42 دنوں میں 33 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنے کرے گا، جو اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
جنگ بندی کے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ دو ہفتوں بعد شروع ہوگا۔
7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک 46 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں اور غزہ کی تقریباً 90 فیصد آبادی اسرائیلی انخلاء کے احکامات اور حملوں کی وجہ سے زبردستی بے گھر ہو چکی ہے۔