امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ چھ روز گزر جانے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔
آگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ پیسیفک پیلی سیڈز ہے جہاں ہفتے کے روز راتوں رات تیز ہواوٴں کی وجہ سے جنگل کی آگ مزید علاقوں میں پھیل گئی۔
رہائشیوں کو خبردار کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید خراب ہو سکتا ہے، جس سے آگ پھیل سکتی ہے۔
لاس اینجلس میں 153,000 افراد کو محفوظ مقام منتقل ہونے حکم دے دیا گیا ہے جبکہ 57 ہزار عمارتوں کو خطرہ ہے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی کے مطابق مزید 166,000 لوگوں کو گھر چھوڑنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
نیشنل ویدر سروس نے کہا کہ لاس اینجلس کے علاقے میں جمعے یا ہفتے کو موسم بہتر ہو جائے گا، ہوائیں تقریباً 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
حکام نے گھنے سیاہ اور زہریلے کیمیکل سے ملے دھوئیں کی وجہ سے ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ آگ سے معاشی نقصان کا تخمینہ 135 ارب سے 150 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے آگ کو بڑی آفت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت بحالی سے متعلق تمام اخراجات (جیسے کہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو، عارضی رہائش فراہم کرنا اور صفائی کی کوششوں میں معاونت) اگلے چھ ماہ کے لیے ادا کرے گی۔