انڈیا میں کمبھ میلے کا آغاز، دنیا کے سب سے بڑے اجتماع میں 40 کروڑ عقیدت مندوں کی آمد متوقع

15:2713/01/2025, понедельник
جنرل13/01/2025, понедельник
ویب ڈیسک
یہ بھی مانا جاتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ لوگ اس میلے میں جمع ہوتے ہیں۔
تصویر : اے ایف پی / نیوز ایجنسی
یہ بھی مانا جاتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ لوگ اس میلے میں جمع ہوتے ہیں۔

انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے ایک شہر پریاگ راج میں مہا کمبھ میلہ شروع ہوگیا ہے جہاں اگلے چھ ہفتوں کے دوران 40 کروڑ سے زیادہ عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے۔

یہ بھی مانا جاتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ لوگ اس میلے میں جمع ہوتے ہیں۔ دریائے گنگا، جمنا اور اساطیری ندی سرسوتی کے ملن والی جگہ اس سال قریب 40 کروڑ عقیدت مند غسل کریں گے۔

ہندووٴں کا عقیدہ ہے کہ یہاں غسل کرنے سے انسان کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں اور 'موکش' یعنی بار بار جنم لینے کے چکر سے نجات حاصل ہو جائے گی۔

یہ میلا ہر بارہ سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ 45 سالہ سرمیلا دیوی کہتی ہیں کہ ’میں بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ میرے لیے یہ شہد میں نہانے کی طرح ہے‘۔



سیکیورٹی اور دیگر انتظامات

چونکہ اس میلے میں روس اور امریکہ کی آبادی سے تقریباً تین گنا زیادہ لوگوں کے آنے کی توقع ہے تو حکام نے عقیدت مندوں کی رہائش کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار خیموں کا انتظام کیا ہے۔

جس شہر میں یہ میلہ منعقد کیا گیا ہے وہ 25 حصوں میں تقسیم کیا گیا اور 40 مربع کلومیٹر میں پھیلا ہوا ہے، یہاں عقیدت مندوں کے لیے ایک لاکھ سے زائد خیموں کے علاوہ ایک لاکھ 45 ہزار واش رومز اور 99 کار پارکنگ کی جگہیں موجود ہیں۔

شہر میں 3 ہزار کچن کا بندوبست کیا گیا ہے۔ زیادہ تر لوگ اپنا کھانا خود لاتے ہیں لیکن جو لوگ زیادہ دیر یہاں قیام کے لیے آتے ہیں ان کے لیے کھانے کا بندوبست بھی کیا گیا۔

اس کے علاوہ تقریباً 50 ہزار سیکورٹی اہلکار دن رات گشت کریں گے۔ انڈین پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس تقریب کے لیے ’اعلی درجے کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔‘

تقریب کے لیے لگ بھگ 68 ہزار ایل ای ڈی لائٹ پولز لگائے گئے ہیں جو اتنے بڑے ہیں کہ اس کی روشنی خلا سے بھی نظر آسکتی ہے۔

حکام نے بجلی کے 4 لاکھ 50 ہزار نئے کنکشن اور صفائی کی سہولیات بھی فراہم کی ہیں۔ نگرانی کے لیے قریب 2500 ڈرونز اور کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ صفائی کے لیے ایک لاکھ 5 ہزار کارکن کام کریں گے۔

انڈین حکومت کا کہنا ہے کہ صرف بجلی کی فراہمی کے لیے 30 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر تہوار پر 70 ارب روپے خرچ ہورہے ہیں۔ کچھ اندازوں کے مطابق حکومت کو 45 دن کے اس مذہبی تہوار سے 2 ٹریلین روپے کا فائدہ ہوتا ہے۔





#انڈیا
#کمبھ میلا
#مذہب
#ہندو