غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد جنگ بندی شروع ہو گئی ہے۔
جنگ بندی آج (اتوار کو) مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجکر 15 منٹ پر اس وقت شروع ہوئی جب حماس نے اسرائیل کو معاہدے کے تحت رہائی پانے والی تین خواتین قیدیوں کی فہرست فراہم کی تھی۔
معاہدے کے تحت اسرائیل غزہ پر بمباری نہیں کرے گا اور پہلے دن تین اسرائیلی قیدیوں اور تقریباً 95 فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی شروع ہو گئی ہے۔
حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ میں قید تین اسرائیلی خواتین کے ناموں کے ساتھ ثالثی ممالک کو فراہم کردی ہے۔
حماس کے مسلح ونگ قسام بریگیڈز کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ’قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے طور پر ہم نے آج تین اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں 24 سالہ رومی گونین، 28 سالہ ایملی دماری، اور 31 سالہ ڈورون اسٹین بریچر شامل ہیں۔‘
ان میں ایک قیدی کے پاس رومانیہ اور باقی دو قیدیوں کے پاس برطانوی شہریت ہے۔
اسرائیلی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہیں قیدیوں کی فہرست موصول ہوگئی ہے۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات میں مصر اور امریکہ کے ساتھ قطر نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔
اس سے قبل اتوار کو اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے اپنی فوج کو حکم دیا تھا کہ وہ غزہ میں اس وقت تک جنگ بندی شروع نہ کرے جب تک حماس قیدیوں کے نام جاری نہیں کرتا۔
اسرائیل نے تین اسرائیلی قیدیوں کی فہرست جاری نہ کرنے پر حماس کو جنگ بندی میں تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ تاہم حماس نے تفصیلات بتائے بغیر تاخیر کی وجہ ’تکنیکی‘ وجوہات کو قرار دیا۔
7 اکتوبر 2023 کے بعد سے 15 مہینوں میں اسرائیلی بمباری سے کم از کم 46 ہزار 899 فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ 10 ہزار 725 لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔
سات اکتوبر کو جب حماس نے اسرئیل پر حملہ کیا تھا تو اس وقت اسرائیل میں کم از کم ایک ہزار 139 افراد مارے گئے تھے اور 200 سے زیادہ کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم اور نسل کشی کے الگ الگ الزامات پر وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے۔