نصرت فتح علی خان کی کھوئی ہوئی 34 سال پرانی ریکارڈنگ کہاں سے ملی؟

23:0622/06/2024, ہفتہ
جنرل11/07/2024, جمعرات
ویب ڈیسک
’چین آف لائٹ‘ 20 ستمبر 2024 کو ریئل ورلڈ ریکارڈز پر ریلیز ہوگی۔
’چین آف لائٹ‘ 20 ستمبر 2024 کو ریئل ورلڈ ریکارڈز پر ریلیز ہوگی۔

اپنی خوبصورت آواز سے سب کے دلوں میں جگہ بنانے والے اور پاکستانی میوزیکل آئیکون اور قوالی لیجنڈ نصرت فتح علی خان کی کھوئی ہوئی 34 سال پرانی البم 20 ستمبر 2024 کو ریلیز کی جارہی ہے جسے پہلے کبھی نہیں سنا گیا۔


یہ البم نصرت فتح علی خان کے انتقال کے 27 سال بعد ریلیز کی جارہی ہے۔


البم کا نام ’چین آف لائٹ‘ ہے جو پیٹر گیبریل کے ریئل ورلڈ ریکارڈز کے ٹیپ آرکائیوز 2021 سے ملی ہے۔


34 سال پرانی ریکارڈنگ کیسے ’غائب‘ ہوئی اور کہاں سے ملی؟


یہ البم ریئل ورلڈ اسٹوڈیوز کے ایک گودام میں تھی اور جب پرانی ریکارڈنگز کو 2021 کے آرکائیو میں منتقل کیا جارہا تھا تو نصرت فتح علی خان کی ’اَن سُنی‘ ریکارڈنگ بھی وہیں موجود تھی۔


رئیل ورلڈ ریکارڈز نامی کمپنی نے 1989 میں نصرت فتح علی خان سے ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ان کی موسیقی تیار کرنے اور ریلیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔


معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد ریئل ورلڈ ریکارڈز نے 1990 کی دہائی کے دوران ان کے کئی البمز جاری کیے جنہیں دنیا بھر کے مداحوں نے بڑے پیمانے پر سراہا تھا۔


کے مطابق اُس زمانے میں 8 گلوکاروں اور موسیقاروں کا گروپ تھا جنہوں نے نصرت فتح علی خان کے ساتھ پرفارم کیا تھا، ان کی آواز میں 4 روایتی قوالیاں موجود ہیں جس میں سے ایک ایسی قوالی بھی شامل ہے جسے پہلے کبھی نہیں سنا گیا۔

اس البم کی ریکارڈنگ ریئل ورلڈ اسٹوڈیوز میں اپریل 1990 میں کی گئی تھی، یہ وہی وقت ہے جب استاد نصرت فتح علی خان نے کینیڈین پروڈیوسر مائیکل بروک کے ساتھ اپنے سیمینل کراس اوور البم ’مست مست‘ پر بھی کام کیا تھا۔


’چین آف لائٹ‘ 20 ستمبر 2024 کو ریئل ورلڈ ریکارڈز پر ریلیز ہوگی۔


https://www.youtube.com/watch?v=BAvOS46j64Q


اپنے میوزیکل کیریئر کے دوران نصرت فتح علی خان ایک ثقافتی آئیکون بن گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد انہیں اور ان کی موسیقی کو بے حد پسند کرنے لگی۔


ان کی آواز ہالی وڈ کے ہدایت کاروں مارٹن سکورسیز، اولیور سٹون اور ٹم رابنز کی فلموں کے ساؤنڈ ٹریک پر بھی نمودار ہوئی، اس کےعلاوہ بولی وڈ فلموں میں بھی ان کی آواز چھائی رہی۔


پیٹر گیبریل کہتے ہیں کہ ’مجھے اپنے دور میں دنیا بھر کے مختلف موسیقاروں کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، لیکن شاید سب سے بڑے گلوکار نصرت فتح علی خان تھے، ان کی آواز بہت غیر معمولی تھی۔‘


وہ کہتے ہیں کہ ’جب مجھے پتہ چلا کہ یہ ٹیپ ہماری لائبریری میں موجود ہے تو ہمیں واقعی بہت خوشی ہوئی، یہ البم واقعی انہیں ان کے عروج کی ہے، یہ ایک شاندار ریکارڈ ہے۔‘


نصرت فتح علی خان کا انتقال 1997 میں 48 سال کی عمر میں ہوا تھا لیکن ان کی آواز آج بھی زندہ ہے، نصرت فتح علی خان کے مداح یہ جان کر خوش ہوں گے کہ ان کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم تیار ہو رہی ہے جو اسلام آباد کی ایک کمپنی سائینا بشیر اسٹوڈیوز 2025 کے آخر میں ریلیز کرے گی۔




#Nusrat Fateh Ali Khan
#Entertainment
#Pakistan
#Album