سوات میں غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملہ، پولیس اہلکار ہلاک، ٹی ٹی پی کا لاتعلقی کا اظہارِ

06:4824/09/2024, منگل
جی: 24/09/2024, منگل
ویب ڈیسک
سوات
سوات

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے شہر سوات میں غیرملکی سفارت کاروں کے قافلے پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو‎‎ئے۔ تمام سفارت کار اس حملے میں محفوظ رہے۔

مقامی پولیس اور دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب چیمبرز آف کامرس کی دعوت پر 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارت کار مالم جبہ سے اسلام آباد جارہے تھے، اس دوران ان کی گاڑی پر حملہ ہوا۔

عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سوات ڈاکٹر زاہداللہ خان نے بتایا کہ قافلے میں پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایس ایچ او اکرام خان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں تمام سفارت کار محفوظ رہے اور بحفاظت واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔

ڈی پی او خان ​​نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت کانسٹیبل برہان کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں کانسٹیبل محمد خان، حسین گل، امان اللہ، سب انسپکٹر سر ضامن خان اور ڈرائیور رحمت اللہ شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ریموٹ کنٹرول بم تھا یا ٹائم ڈیوائس۔ تاہم اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

تحریک طالبان پاکستان نے بیان میں کہا کہ ان کا سوات حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


مذمت

صوبے کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے اہلکار کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے اور اعلی افسران کو واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں قائم ایک تھنک ٹینک کے ادارے پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز (پیپس) کی رپورٹ کے مطابق اس سال اگست میں ملک بھر میں 59 دہشت گرد حملے ہوئے جن میں صرف خیبرپخوتنخوا میں 29 حملے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں 25 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان، گل بہادر گروپ، لشکر اسلام، اسلامک اسٹیٹ-خراسان اور چند مقامی طالبان گروپس نے قبول کی ہے۔

#سوات
#پاکستان
#دہشت گردی