ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ مغربی ممالک خطے میں امن کا جھوٹا دعویٰ کررہے ہیں اور وہ یہاں سے ’دفع ہوجائیں‘۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے آج تہران میں اشرافیہ کے ایک گروپ سے ملاقات کی۔
انہوں نے علاقائی کشیدگی اور جنگ کا الزام امریکہ اور کچھ یورپی ممالک پر لگایا اور کہا کہ مغربی ممالک جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ خطے میں امن و سکون لاتے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ مغربی ممالک خطے سے ’دفع ہوجائیں‘ تاکہ خطے کے ممالک امن سے رہ سکیں۔
ایک سینئر ایرانی اہلکار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ منگل کو اسرائیل پر میزائل داغنے کا حکم ملک کے سپریم لیڈر نے دیا تھا جو اس وقت ایک محفوظ مقام پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو رات قریب دس بجے ایران نے اسرائیل پر قریب 180 بیلسٹک میزائل حملے کیے تھے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل پر میزائل حملہ گذشتہ ہفتے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے ساتھ ساتھ اس سال کے شروع میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے جواب میں ہے۔
سینئر ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر میزائل حملوں کا حکم دیا اور اس حملے کے بعد ایران کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا تھا کہ حملوں کے باعث کم از کم دو افراد زخمی اور ایک شخص ہلاک ہوا۔ اسرائیل کے ایکس اکاوٴنٹ کے مطابق ایران کی جانب سے 180 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔