شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: انڈین وزیرخارجہ پاکستان آئیں گے، سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد میں فوج تعینات

08:506/10/2024, اتوار
جی: 6/10/2024, اتوار
ویب ڈیسک

شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کے دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

15 اور 16 اکتوبر کو ایس سی او کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا جس میں انڈیا کے وزیر خارجہ جے شنکر سمیت اہم غیر ملکی رہنما ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔

ینی شفق کو موصول ہونے والی نوٹیفکیشن کی کاپی کے مطابق پاک فوج 5 سے 17 اکتوبر تک شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات کی جائے گی۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع پلان کی منظوری دی تھی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پنجاب پولیس کے اضافی اہلکار شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹیوں کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم 10 ممالک کا ایک گروپ ہے جس میں بھارت، پاکستان، ازبکستان، قازقستان، تاجکستان اور کرغزستان شامل ہیں، جو روس اور چین نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ گہرے تعلقات کے لیے 2001 میں قائم کیا تھا

واشنگٹن میں ولسن سینٹر کے ساوتھ ایشیا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر مائیکل کوگل مین نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ انڈیا کا پاکستان میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ بنیادی طور پر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش کے بجائے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کے طور پر اپنے فرائض کو پورا کرنے کے بارے تھا۔

یاد رہے کہ 2015 میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کا اچانک دورہ کیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی تھی۔

تاہم 2019 میں اس کے برعکس ہوا جب مودی حکومت نے کشمیر کی آئینی خودمختاری کو منسوخ کر کے اسے وفاق کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل کر دیا۔ کشمیریوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فیصلے سے انہیں اپنے نمائندے منتخب کرنے کا جمہوری حق چھین لیا گیا ہے۔

انڈیا کے جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے جو تقریباً ایک دہائی میں کسی انڈین وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہوگا۔






#شنگھائی تعاون تنظیم
#انڈیا
#پاکستان
#پاک فوج