اسرائیلی فوج نے لبنان میں فضائی حملوں کے بعد اب زمینی حملے شروع کردیے۔ اسرائیلی ملٹری نے ایک بیان میں بتایا کہ اس کی فورسز نے جنوبی لبنان کے علاقوں میں زمینی کارروائی شروع کردی ہے۔
بیان میں مزید کہا کہ ’فضائی حملوں اور توپ خانوں کی مدد سے زمینی چھاپے چند گھنٹے پہلے شروع ہوئے اور ان کا مقصد اسرائیل کی سرحد کے قریب دیہات میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا ہے‘۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فضائی حملوں کی آوازیں سنی گئیں اور اس کے جنوبی علاقوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
زمینی حملہ اسرائیلی سیاسی رہنماؤں کی منظوری کے فوراً بعد شروع ہوا جو مشرقی وسطیٰ میں اسرائیلی کی جنگ کے نئے مرحلے کا آغاز ہے۔
ایران کی حمایت یافتہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے میٹولا میں سرحد پار سے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے۔تاہم بیان میں لبنان میں اسرائیل کے اعلان کردہ زمینی کارروائی سے متعلق ذکر نہیں تھا۔
اسرائیلی فوجیوں اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان براہ راست لڑائی کی کوئی اطلاع نہیں ہے، جو آخری بار 2006 میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران زمینی لڑائی میں ہوئے تھے۔