انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو ٹائم میگزین 2024 کی 100 ابھرتی ہوئی نمایاں شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
ماہ رنگ بلوچ کو بلوچ حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر جانی جاتی ہیں اور دسمبر 2023 میں اسلام آباد کی جانب مارچ کی قیادت بھی کی تھی۔ جس میں خواتین نے حکومت سے اپنے شوہروں، بیٹوں اور بھائیوں کے لیے انصاف کے حصول کا مطالبہ کیا تھا۔
ماہ رنگ بلوچ نے ’ٹائم 100 نیکسٹ 2024ء لسٹ‘ میں اپنا نام شامل ہونے پرانسٹاگرام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں یہ اعزاز بلوچ خواتین، انسانی حوقق کے لیے کام کرنے والوں اور جبری طور پر گمشدہ لوگوں کے نام کرتی ہوں‘۔
گزشتہ دو دہائیوں میں ملک میں بلوچ قومیت رکھنے والے بہت سے افراد لا پتہ یا ما ورائے عدالت قتل ہوئے ہیں، 31 سالہ ڈاکٹر ماہ رنگ کے والد بھی ان میں سے ایک تھے جن کی لاش 2011 میں بر آمد ہوئی۔ جس کے بعد ماہ رنگ اور ان جیسی دیگر خواتین بلوچ حقوق کے لئے پرامن طور پر وکالت کر رہی ہیں۔ گ
ٹائمز 100 نیکسٹ لسٹ کیا ہے؟
’ٹائم 100 نیکسٹ لسٹ‘ کو زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ جن کے خیالات، نظریات، مثالیں دنیا میں مثبت تبدیلی پیدا کررہے ہیں یا اس کی کوشش کررہے ہیں۔
ٹائم میگزین کی یہ فہرست ہر سال جاری ہوتی ہے، جس میں دنیا بھر کی سیاسی، سماجی، شوبز، اسپورٹس، ٹیکنالوجی اور بزنس سے متعلق شخصیات سمیت دیگر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جاتا ہے۔