حارث رؤف سے بدتمیزی کی ویڈیو وائرل، محسن نقوی کا فین سے معافی مانگنے کا مطالبہ

01:4818/06/2024, mardi
جنرل11/07/2024, jeudi
ویب ڈیسک
حارث روٴف
حارث روٴف

جب بات میرے والدین اور میری فیملی پر آئے گی تو میں جواب دینے سے نہیں کتراوٴں گا، حارث روٴف

ٹی 20 ولڈکپ کے لیے امریکی دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باوٴلر حارث روٴف سے فین (مداح) کی جانب سے مبینہ بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔


ویسے تو پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے ہی راوٴنڈ میں ناکام ہوگئی تھی جس پر شائقین مایوس ہیں اور سوشل میڈیا پر کرکٹرز کی پرفارمنس پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔


کرکٹرز ابھی امریکا میں ہی موجود ہیں اور اس دوران حارث روٴف کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایک فین پر شدید غصہ ہیں۔


وائرل ویڈیو میں ایسا لگتا ہے کہ فین کی جانب سے کچھ ایسا کہا گیا جس پر حارث روٴف غصے میں آگئے لیکن غصے کی اصل وجہ کیا تھی یہ بات صاف ظاہر نہیں ہوئی تاہم حارث روٴف نے دوٹوک انداز میں پیغام دیا کہ ’جب بات میری فیملی پر آئے گی تو میں جواب دینے سے نہیں کتراؤں گا۔‘


دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ حارث روٴف سے معافی مانگی جائے اور اگر ایسا نہ کیا تو قانونی کارروائی ہوگی۔


ویڈیو میں ایسا کیا تھا؟


ویڈیو کے شروع میں حارث روٴف کو فین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور پھر کچھ ہی دیر بعد فاسٹ باوٴلر غصے میں فین کی جانب بڑھتے ہیں اور اس دوران ان کے جوتے بھی اتر جاتے ہیں۔


تاہم کچھ لوگ بیچ بچاوٴ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حارث روٴف کی اہلیہ بھی انہیں روکنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن کرکٹر پودوں کے اوپر سے کود کر فین کی جانب بڑھتے ہیں۔


اس موقع پر فین کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’ایک تصویر مانگی ہے بھائی، فینز ہیں آپ کے‘، جس پر حارث روٴف چیختے ہوئے سوال کرتے ہیں کہ ’گالی باپ کو دے رہا ہے‘۔


اس موقع پرحارث روٴف نے کہا کہ یہ شخص ضرور انڈین ہوگا جس پر فین نے خود بتایا کہ وہ پاکستان سے ہیں جس پر حارث روٴف کہتے ہیں کہ ’پاکستان سے ہوکر بھی تیری یہ حالت ہے، تیرے باپ نے تیری یہ تربیت کی ہے؟ یہاں پر آ کر یہ حرکت کرتا ہے؟


سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ یہ واضح کرتا ہے کہ کس طرح آن لائن تنقید اب کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ حقیقی زندگی میں بدسلوکی میں تبدیل ہو رہی ہے۔




سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ کرکٹر کی پرفارمنس پر تنقید اپنی جگہ لیکن ان کے اہل خانہ پر تنقید کرنا غیر اخلاقی ہے۔



جب بات میری فیملی پر آئے گی تو میں جواب دینے میں نہیں کتراؤں گا، حارث روٴف


حارث روٴف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’عوامی شخصیت ہونے کی وجہ سے ہمیں ہر طرح کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جب بات میرے والدین اور میری فیملی پر آئے تو وہ جواب دینے سے نہیں کترائیں گے۔‘


حارث روٴ ف نے مزید کہا کہ ’لوگوں اور ان کے خاندانوں کا احترام ضروری ہے، اس بات سے قطع نظر کہ ان کا تعلق کس پیشے سے ہے۔‘




محسن نقوی کو فین سے معافی کا مطالبہ


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ وہ اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں ’ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا رویہ ناقابل قبول ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعے میں ملوث افراد حارث روٴف سے معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی‘۔




ساتھی کرکٹرز کا حارث روٴف کی سپورٹ میں ٹوئٹ


ساتھی کرکٹرز نے حارث روٴف کے ساتھ ہونے والے واقعے پر افسوس کیا، فاسٹ باوٴلر حسن علی نے ایکس پر لکھا کہ کسی شخص کو ٹھیس پہنچائے بغیر بھی تنقید کی جاسکتی ہے۔







آل راوٴنڈر شاداب خان نے لکھا کہ ’پرفارمنس پر تنقید کرنا فینز کا حق ہے، ہم اسے تسلیم کرتے ہیں اور سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کسی پر ان کی فیملی کی موجودگی میں ذاتی حملے ناقابل قبول ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ کو کیسا لگے گا اگر فیملی کی موجودگی میں کوئی آپ پر حملہ کرے؟‘






#Haris Rauf
#T20 worldcup
#cricket
#pakistan
#Viral video