غزہ میں شدید سردی اور بارشوں سے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ شہر کے 1500 سے زائد ٹینٹ پانی میں ڈوب گئے، جو اب رہنے کے قابل نہیں رہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ سے منسلک غزہ کے رپورٹر کے مطابق شدید ٹھنڈ کے ماحول میں بچے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، حالیہ ہفتوں میں ادویات اور بنیادی اشیا کی شدید کمی کی وجہ سے چھ بچوں کی موت ہوگئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچوں کی موت ہائیپوتھرمیا کی وجہ سے ہوئی جو سردی سے بچوں کا جسم جم گیا، ان کا جسم زیادہ سردی برداشت نہیں کرسکا اور موت واقع ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں میں ہونے والی بارشوں کا پانی ہسپتالوں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔ جہاں ڈاکٹرز کے لیے مریضوں کا علاج کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
ٹینٹ میں پانی بھرنے سے لوگوں کے کپڑے اور بستر بھی گیلے ہوگئے، کئی لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سردی اور بنیادی سہولت نہ ہونے سے غزہ میں خطرناک بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔
ہسپتالوں میں دواوٴں کی کمی نے فلسطینیوں کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ فلسطینی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہونے والے فلسطینی دیر البلاح، خان یونس اور رفح میں بڑی تعداد میں موجود ہیں، جہاں ٹینٹوں کی حالت بہت خراب ہے اور صاف پانی، خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔