کئی ہولی ووڈ اداکاروں کے گھر بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود ابھی تک کنٹرول نہیں کیا جاسکا۔
جنگلات میں لگنے والی آگ کی سیٹلائٹ تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہر کے بڑے حصے میں آگ پھیلی ہوئی ہے۔
اس وقت آگ نے چھ علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں پانچ لوگ ہلاک ہوئے اور ایک لاکھ سے زیادہ لوگ اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقام منتقل ہوئے۔
اسی شہر میں ہولی ووڈ کا مرکز بھی آگ کی لپیٹ میں ہے، کئی ہولی ووڈ اداکاروں کے گھر بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
کئی مشہور ٹی وی پروڈکشنز اور ہاوٴسز کو بھی نقصان پہنچا۔ ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق آگ سے کُل معاشی نقصان کا تخمینہ کم از کم باون ارب ڈالرز ہے۔
آگ کے شعلے کالاباس اور سانتا مونیکا کے علاقوں تک پھیل گئے جہاں ہولی کی مشہور اور امیر شخصیات مہنگے گھروں میں رہتی ہیں۔ اداکار مینڈی مور، کیری ایلویس، اور پیرس ہلٹن جیسے ہولی ووڈ ستارے اپنے گھروں سے محروم ہوگئے۔ کئی لوگ 70 سالوں سے اپنے گھروں میں رہ رہے تھے، لیکن ان کے گھر بھی آگ کے شعلوں سے محفوظ نہیں رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر ایک شہری نے لاس اینجلس کے علاقے کی ویڈیو شئیر کی جہاں وہ ایک سڑک پر ڈرائیو کررہے تھے اور ارد گرد سب کچھ آگ سے جل رہا تھا۔