انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول اور گروپس کا اعلان کر دیا۔ ٹورنامنٹ 19 فروری سے کراچی میں شروع ہوگا۔
آٹھ ٹیموں کے اس مقابلے میں 15 میچز ہوں گے جو پاکستان اور دبئی میں ہوں گے۔
پاکستان میں میچز راولپنڈی، لاہور اور کراچی اسٹیڈیم میں ہوں گے، ہر شہر میں تین گروپ مرحلے کے میچز ہوں گے۔ لاہور ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔
لاہور 9 مارچ کو ٹورنامنٹ کے فائنل کی بھی میزبانی کرے گا لیکن اگر انڈیا کوالیفائی کرتا ہے تو اس صورت میں فائنل دبئی میں ہوگا۔ سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں ریزرو دن بھی ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے:
گروپ اے: پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش
گروپ بی: آسٹریلیا، افغانستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ
یاد رہے کہ انڈین حکومت نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول میں تاخیر ہوئی۔
پاکستان اور انڈیا نے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا ہے، جہاں انڈیا اپنے میچ پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل مقام یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دو پہلے قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو انڈیا کے میچوں کے لیے نیوٹرل مقام کے طور پر منتخب کیا تھا۔
معاہدے کے تحت پاکستان مستقبل میں انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھی اپنے میچز نیوٹرل مقامات پر کھیلے گا۔ یہ معاہدہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 پر بھی لاگو ہوگا، جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول
19 فروری: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، مقام: کراچی
20 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ انڈیا، مقام: دبئی، یو اے ای
21 فروری: افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، مقام: کراچی
22 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ، مقام: لاہور
23 فروری: پاکستان بمقابلہ بھارت، مقام: دبئی
24 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ، مقام: راولپنڈی
25 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ، مقام: راولپنڈی
26 فروری: افغانستان بمقابلہ انگلینڈ، مقام: لاہور
27 فروری: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، مقام: راولپنڈی
28 فروری: افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا، مقام: لاہور
یکم مارچ: جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، مقام: کراچی
2 مارچ: نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا، مقام: دبئی، یو اے ای
4 مارچ: سیمی فائنل ون، مقام: دبئی، یو اے ای
5 مارچ: سیمی فائنل ٹو، مقام: لاہور
9 مارچ: فائنل، مقام: لاہور (اگر انڈیا کوالیفائی کرتا ہے تو فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا)
10 مارچ: ریزرو ڈے