پاکستان میں سوشل میڈیا ایپس تک صارفین کی محدود رسائی کی شکایات لیکن حکومت کا ’سب اچھا ہے‘ کا دعویٰ

07:462/12/2024, پیر
جنرل2/12/2024, پیر
ویب ڈیسک
پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین سوشل میڈیا ایپلی کیشن تک رسائی نہ ہونے کی شکایات کرتے دکھائی دیے، نیٹ بلاکس
پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین سوشل میڈیا ایپلی کیشن تک رسائی نہ ہونے کی شکایات کرتے دکھائی دیے، نیٹ بلاکس

پچھلے کئی دنوں سے ایک بار پھر پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین یہ شکایات کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ واٹس ایپ نہیں چل رہا، میسزج نہیں جارہے، کچھ بھی ڈاون لوڈ نہیں ہورہا۔ جبکہ وفاقی حکومت اور وزارت آئی ٹی نے ان شکایات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’انٹرنیٹ کی رفتار میں کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے‘۔

آن لائن مانیٹرنگ ٹول آؤٹیج ڈٹیکشن اینڈ اینالسس نے کہا کہ حکومت کا صارفین کو ’بغیر کسی رکاوٹ کے انٹرنیٹ‘ فراہم کرنے کا دعویٰ غلط ہے۔

آن لائن ٹولز کے ڈیٹا کے مطابق پچھلے کچھ دنوں میں پاکستان میں انٹرنیٹ سست چل رہا ہے اور صارفین کو کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک محدود یا مکمل رسائی حاصل نہیں ہے۔

ڈیجیٹل رائٹس پر کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت ایک ’فائر وال‘ لگانے کا تجربہ کر رہی ہے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کرتی ہے اور حکومت کی من چاہی تصاویر یا ویڈیوز جیسے مواد کو بلاک کرنے کا اختیار دیتی ہے، جو واٹس ایپ پر شیئر کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں پچھلے ہفتے دوبارہ انٹرنیٹ سروسز خلل پیدا ہوا جب حکومت نے پی ٹی آئی کے ’فائنل کال‘ احتجاج کی وجہ سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کردی تھیں۔

انٹرنیٹ سپیڈ مانیتٹرنگ ٹول نے اپنے ڈیٹا میں یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں گوگل سروسز کی ٹریفک میں کمی دیکھی گئی ہے جو واضح طور پر انٹرنیٹ کی بندش کا ثبوت ہے۔

ایک اور انٹرنیٹ سپیڈ مانیتٹرنگ ٹول ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے بھی گوگل سروسز جیسا کہ جی میل اور یوٹیوب اور دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایات کی تصدیق کی۔ اس ٹول کے مطابق صارفین کے پاس واٹس ایپ، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میسجز بھیجنے اور ویڈیوز ڈاون لوڈ کرنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔



ملک میں انٹرنیٹ بندش اور مریم نواز کا آئی ٹی سٹی بنانے کا اعلان

پاکستان کے صوبے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان میں پہلا آٹی سٹی کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان بھی وی پی این کے ذریعے کیا کیونکہ پاکستان میں ایکس پلیٹ فارم پچھلے چھ مہینوں سے بند ہے۔

مریم نواز کی اس پوسٹ پر صارفین یہ سوال کرتے نظر آئے کہ ملک میں پہلے ہی انٹرنیٹ اتنا سست ہے، ایکس پر پابندی ہے تو ایسے وقت ملک میں آئی سٹی کیسے بنے گا؟





انٹرنیٹ سست پر حکومت کا ردعمل

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی وزیر شزا فاطمہ نے کہا کہ ’ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل طور پر کام کررہے ہیں، ڈیٹا سروس پر تمام ایپس 100 فیصد درست کام کر رہی ہیں۔ انہوں ںے دعویٰ کیا کہ ملک میں موبائل ٹاور ضرورت سے کم ہیں، جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ سست ہے۔ ‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ملک پر ہر مہینے سیکڑوں سائبر حملے ہوتے ہیں، سائبر سیکیورٹی وقت کی ضرورت ہے، پچھلے سال کے مقابلے اس سال آئی ٹی انڈسٹری میں بہت زیادہ ترقی ہوئی ہے‘۔



#انٹرنیٹ
#آئی ٹی
#وی پی این
#پاکستان
#ٹیکنالوجی