امریکی ریاست وسکونسن کے ایک نجی کرسچن اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک 15 سالہ طالب علم اور ایک سکول ٹیچر کی موت ہوئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والی سکول طالبہ تھی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے جنہوں نے اسکول کے اطراف کی سڑکیں بند کر دیں۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ پیر کے روز وسکونسن کے ابینڈنٹ لائف کرسچن اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک سکول ٹیچر اور نوعمر طالب علم تھے۔
پولیس چیف کے مطابق سکول میں فائرنگ کرنے والی اسی اسکول کی طالبہ ہے، جس کی عمر 17 برس ہے، اس نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کرلی۔ جبکہ ملزم کی جانب فائرنگ کا مقصد فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس شوٹر کے والد اور خاندان کے دیگر افراد سے سوالات کررہی ہے اور شوٹر کے گھر کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نےاے پی کو بتایا کہ خیال ہے کہ شوٹر نے 9 ایم ایم پستول کا استعمال کیا۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر جو بائیڈن کو واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
امریکہ میں اسکول شوٹنگ ڈیٹا بیس کے مطابق 2024 میں امریکہ میں اسکولوں میں فائرنگ کے 322 واقعات ہوئے ہیں، جو کہ 1966 کے بعد سے سب سے ہے، صرف پچھلے سال فائرنگ کے ٹوٹل 349 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔