پچھلے ایک ہفتے کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں 6 طیارے حادثات کی نذر ہوئے جن میں سے 2 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
چاروں طیاروں کے حادثات کی حتمی رپورٹ اب تک جاری نہیں ہوئی تاہم ابتدائی تحقیقات میں مختلف وجوہات بتائی جارہی ہیں جن میں تکنیکی خرابی، لینڈنگ گئیر میں خرابی اور انجن میں خرابی اور پرندوں کا ہوائی جہاز سے ٹکرانا شامل ہے۔
پچھلے ہفتے ہونے والے طیارہ حادثات میں سب سے مہلک ساوٴتھ کوریا طیارہ حادثہ تھا جس میں دو افراد کے علاوہ تمام 179 افراد ہلاک ہوئے۔
پچھلے ہفتے کون سے طیارے حادثے کا شکار ہوئے اور ان کی کیا وجوہات ہیں، آئیے جانتے ہیں:
25 دسمبر، آذربائیجان طیارہ
آذربائیجان کا طیارہ ایمبریئر 190 باکو سے روس جارہا تھا کہ قزاقستان کے علاقے اکتاوٴ میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 29 زندہ بچ گئے۔
اس حادثے کی وجہ تکنیکی وجوہات بتائی جارہی ہیں البتہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یوکرین سے اپنا دفاع کرتے وقت روس نے غلطی سے آذربائیجان کے طیارے کو نشانہ بنایا۔
بعدازاں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے طیارہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی، تاہم انہوں نے یہ تسلیم نہیں کیا کہ روس اس واقعے کا ذمہ دار ہے۔
28 دسمبر، ایئر کینیڈا
دوسرا حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایئر کینیڈا ڈیش 8 طیارہ رن وے پر اترا اور اس کے لینڈنگ گئیر میں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ طیارہ سینٹ جان سے ہیلی فیکس جارہا تھا جو ہیلی فیکس ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ائرلائن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کے لینڈنگ گئیر میں خرابی کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوئی۔ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
29 دسمبر، ساوٴتھ کوریا
جیجو ایئرلائن کا بوئنگ 787-800 طیارہ ساوٴتھ کوریا کے علاقے موان میں لینڈنگ کے وقت پھسل گیا اور خوفناک حادثے کا شکار ہوا۔ جس کے بعد طیارے میں آگ لگی اور عملے کے 2 ارکان کے علاوہ تمام 179 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ طیارہ تھائی لینڈ سے ساوٴتھ کوریا جارہا تھا۔
اس حادثے کی وجہ ابھی حتمی طور پر معلوم نہیں ہوئی تاہم موان کے فائر ڈپارٹمنٹ کے چیف لی جیونگ ہیون نے بریفنگ میں بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ پرندوں کی ٹکرانے اور خراب موسم حادثے کی وجہ بنی ہو۔
ہوائی جہاز سے وائس ریکارڈرز برآمد کر لیے گئے ہیں، تاہم طیارے بُری طرح تباہ ہونے سے اس کی حالت بہت خراب ہے۔ ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ بلیک باکسز کو ڈی کوڈ ہونے میں ایک ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ملک میں سات روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور نئے سال کے موقع پر تقریبات منسوخ یا کم کیے جانے کا امکان ہے۔
29 دسمبر، ناروے
اسی روز بوئنگ 737-800 طیارہ ناروے کے اوسلو ائیرپورٹ پر حادثے کا شکار ہوا۔ ایمسٹرڈیم جانے والے طیارے کا اوسلو سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہائیڈرالک سسٹم فیل ہوا۔ جس کی وجہ سے پائلٹ نے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی۔ ڈچ میڈیا کے مطابق طیارے میں سوار 176 مسافر اورعملے کے 6 اراکین محفوظ رہے۔
29 دسمبر، متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات میں راس الخیمہ کے قریب چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور کو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
29 دسمبر، جرمنی
سیسنا سی-172 طیارہ جرمنی کے سٹٹ گارٹ ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ ایک مسافر شدید زخمی ہو کر ہسپتال میں داخل ہو گیا۔
حکام کے مطابق اندھیرا اور دھند کی وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا۔ اس حادثے کے بعد پروازیں 90 منٹ تک معطل رہیں۔
حکام فیڈرل بیورو آف ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
پرندوں کا ہوائی جہاز سے ٹکرانا کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟
اگر کوئی پرندہ ہوائی جہاز سے ٹکرا جائے تو اسے ’برڈ سٹرائیک‘ کہا جاتا ہے۔جہاز سے پرندہ ٹکرانے سے انجن میں خرابی اور وِنڈ شیلڈ بھی ٹوٹ سکتی ہے جو بڑے حادثے کی وجہ بنتے ہیں
پرندوں کے جہاز سے ٹکرانے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں ایئرپورٹ کے قریب گندگی، کھلے میدان اور زمین پر جمع ہوا پانی بھی شامل ہیں جس کے ذریعے پرندے اپنے گھونسلے بناتے ہیں یا خوراک کی وجہ یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
اونچائی پر پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات بہت کم ہی ہوتے ہیں تاہم زیادہ تر واقعات جہاز کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران ہوتے ہیں جہاز پرندے اڑتے ہیں۔
امریکہ میں برڈ سٹرائیک کمیٹی کی رپورٹس کے مطابق واٹر فالز، گلز اور ریپٹر سب سے عام قسم کے پرندے ہیں جو ہوا میں طیاروں سے ٹکراتے ہیں۔
ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ پرندوں کو ڈرانے کے لیے مختلف تکنیک کا استعمال کیا جاتا ہے، ایئرپورٹ کے قریب صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جاتا ہے اور ریڈار سسٹم کا استعمال کیا جاتا ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق صرف امریکہ میں ہر سال 14000 سے زیادہ پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔ 2022 میں برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک سال کے دوران پرندوں کے ٹکرانے تقریباً 1500 واقعات رپورٹ کیے۔
ڈیلفٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور نیدرلینڈز انسٹی ٹیوٹ آف فلائٹ گائیڈنس کے جرمن محققین کے 2020 کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ آسٹریلیا میں پرندوں کے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔