فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے تحت 34 یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز اور اے ایف پی نیوز ایجنسیوں کے مطابق غزہ کی پٹی پر کنٹرول کرنے والے فلسطینی گروپ نے حماس کے سینئر عہدیدار کے حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے پہلے مرحلے میں یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کے پہلے تبادلے میں غزہ میں قید تمام خواتین، بچوں، بوڑھوں اور بیمار قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
فلسطینی گروپ کے مطابق ’حماس نے 34 قیدیوں (چاہے وہ زندہ ہوں یا مردہ) کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے‘۔ تاہم حماس نے کہا کہ انہیں قیدیوں کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے وقت درکار ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جنگ بندی کے معاہدے کا انحصار اسرائیل کی جانب سے مستقل جنگ بندی پر رضامندی اور اسرائیلی فوجیوں کا غزہ سے انخلاء پر ہوگا۔
اتوار کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ حماس نے ابھی تک ممکنہ رہائی کے لیے قیدیوں کی فہرست فراہم نہیں کی۔
تاہم دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا کہ حماس کے عہدیدار نے انہیں قیدیوں کی فہرست فراہم کردی ہے۔ جس کے مطابق رہا ہونے والے قیدیوں میں 10 خواتین اور 50 سے 85 سال کی عمر کے درمیان 11 بزرگ مرد اور چھوٹے بچے شامل ہیں۔
یہ اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب قطر میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے پیر کو کہا کہ امریکہ کو امید ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ بائیڈن انتظامیہ کی مدت ختم ہونے سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ اگلے دو ہفتوں میں جنگ بندی کا عمل مکمل ہوجائے۔ اگر ہم اسے اگلے دو ہفتوں میں مکمل نہیں کرتے ہیں، تو مجھے یقین ہے کہ یہ عمل امریکہ کی اگلی حکومت میں جلد ہی مکمل ہوجائے گا‘۔