میچ منسوخی کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا اور امریکا سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرگیا۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ میں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان گروپ اے کا اہم میچ بارش کی وجہ سے کینسل ہوگیا، جس کے نتیجے میں امریکا اگلے راونڈ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرگیا اور پاکستان کے ورلڈکپ کا سفر ختم ہوگیا۔
فلوریڈا میں ہونے والا یہ اہم میچ بارش کی وجہ سے پہلے تاخیر کا شکار رہا لیکن گیلے گراونڈ اور بارش نہ رکنے کی وجہ سے ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔
میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے ( پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے) شروع ہونا تھا، اس اہم میچ سے قبل سب کی نظریں موسم کی صورتحال پر تھی لیکن گیلے گراونڈ اور بارش نے پاکستانی کھلاڑیوں کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔
میچ نہ ہونے کی وجہ سے امریکا اور آئرلینڈ کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، امریکا پانچ پوائنٹس کے ساتھ اگلے راونڈ میں پہنچ گئی جبکہ انڈیا پہلے ہی 6 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ راونڈ کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
پاکستان ورلڈکپ کے دوسرے راونڈ یعنی سپر ایٹ راونڈ میں کوالیفائی کرنے کے لیے ’اگر مگر‘ کی صورتحال کا شکار تھا اور امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بابر الیون کے لیے اہم تھا۔
کیونکہ اگر امریکا کے خلاف آئرلینڈ جیت جاتا تو پاکستان کے سپر ایٹ میں کوالیفائی کرنے کے چانسز بڑھ جاتے لیکن امریکا کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے بعد اب 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کا میچ بے معنی ہوگیا۔
پاکستان کے ورلڈکپ سے باہر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر میمز اور تبصرے بھی شروع ہوگئے ہیں، ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’یہ بہترین مثال ہے کہ قدرت کا نثام صرف ان کی مدد کرے گا جو اپنی مدد خود کرتے ہیں، جب آپ 3 پر 12 رنز کا دفاع نہیں کرسکتے یا 48 گیندوں پر 48 رنز نہیں بنا سکتے تو آپ کسی چیز کے مستحق نہیں‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ قدرت کا نظام نہیں بلکہ قدرت کا انتقام ہے۔‘