|

پیرس اولمپکس کے بارے میں چند دلچسپ معلومات

08:03 - 19/07/2024 جمعہ
اپ ڈیٹ: 08:59 - 24/07/2024 بدھ
ویب ڈیسک
  اولمپک گیمز 26 جولائی کو فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہوں گے
اولمپک گیمز 26 جولائی کو فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہوں گے

2024 کے اولمپک گیمز 26 جولائی کو فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہوں گے، اس میگا ایونٹ میں 206 ممالک سے 10 ہزار 500 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔


ایتھلیٹس 32 کھیلوں میں 329 طلائی تمغوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔ اس رپورٹ میں ہم آپ کو کچھ ایسی دلچسپ معلومات شئیر کررہے ہیں جو پیرس 2024 کے بارے میں جاننا ضروری ہیں:


کب اور کہاں تقریب ہو گی؟


اولمپکس کی افتتاحی تقریب جمعہ 26 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجکر 30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے) ہے۔



سرفنگ


اولمپک گیمز کی میزبانی پیرس کررہا ہے تاہم ایونٹ کے متعدد کھیل فرانس کے دیگر 16 شہروں میں بھی ہوں گے۔ ایونٹ میں سرفنگ کا مقابلہ سب سے منفرد ہوگا، جو بحرالکاہل کے ایک فرانسیسی علاقے تاہیٹی پر منعقد ہوگا۔


پیرس سے 15 ہزار کلومیٹر دور واقع سمندر کی لہروں پر سرفنگ کا مقابلہ انتہائی دلچسپ ہوگا۔



بریکنگ: نیا اولمپک کھیل


بریکنگ: پیرس گیمز میں ایک نیا اولمپک کھیل متعارف کروایا جائے گا جسے بریکنگ ڈانس کہتے ہیں۔ اس مقابلے میں دو ایونٹس ہوں گے، ایک مردوں کا اور ایک خواتین کا۔ یہ 2018 کے بعد پہلی بار 9 اور 10 اگست کو پیرس میں منعقد ہوگا۔


اس کے علاوہ اسپورٹس کلائمبنگ، اسکیٹ بورڈنگ اور سرفنگ بھی نئے کھیلوں میں شامل ہیں۔


دریائے سین میں تیراکی


اولمپکس گیمز کے دوران کھلے پانی میں تیراکی کے کئی مقابلوں کی دریائے سین کئی دہائیوں بعد پہلی بار میزبانی کرے گا، جن میں اولمپک گیمز میں میراتھن تیراکی اور اولمپک اور پیرا اولمپک ٹرائیتھلون کی تیراکی شامل ہیں۔ دریائے سین کو 1900 میں پہلی بار پیرس گیمز کے دوران کچھ ایونٹس کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔


1923 سے لے کر ابھی تک دریائے سین کے پانی کے معیار کے مسائل کی وجہ سے یہاں تیراکی پر پابندی عائد تھی اور کئی دہائیوں تک یہ دریا مچھلیوں کے لیے بھی زہریلا پانی بن گیا تھا۔


پیرس کے منتظمین نے یقین دلایا ہے کہ اولمپکس کے دوران پانی تیرنے کے لیے صاف ہو گا۔


100 سال بعد پہلی بار میزبانی


2024 اولمپکس 1924 کے بعد پہلی بار پیرس میں کھیلے جائیں گے۔ پیرس نے اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔


لندن (جس نے 1908، 1948 اور 2012 میں میزبانی کی تھی) کے بعد پیرس تین بار اولمپکس کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بن جائے گا۔


پہلی بار خواتین اور مردوں کی تعداد برابر


پیرس 2024 پہلا اولمپکس ہوگا جس میں مرد اور خواتین ایتھلیٹس کی برابر تعداد ہوگی۔ 10 ہزار 500 کھلاڑیوں میں سے 5 ہزار 250 مرد اور 5 ہزار 250 خواتین ہوں گی۔



پیرس میٹرو میں اے آئی ٹرانسلیشن کی ڈیوائسس


پیرس کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی انتظامیہ نے اپنے 3 ہزار سے زائد عملے کے ارکان کو اے آئی ٹرانسلیشن کی ڈیوائسس دی ہیں تاکہ ہزاروں سیاحوں کو اولمپک کے دوران راستہ تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔


یہ اے آئی ڈیوائسس فرانسیسی سمیت 16 مختلف زبانوں کا ترجمہ کر سکتا ہے۔


کھلاڑیوں کے کمروں میں ’اے سی‘ نہیں ہوگا


پیرس 2024 میں ایتھلیٹس کے کمروں میں ایئرکنڈیشن (اے سی) نہیں ہوگا، کیونکہ اس بار اولمپک گیمز کو ماحول دوست بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔


ائر کنڈیشنگ استعمال کرنے کے بجائے جن عمارتوں میں کھلاڑی قیام کریں گے وہ عمارت یا کمرے جدید طریقوں سے ڈیزائن کیے گئے تاکہ وہ قدرتی طور پر ٹھنڈا رہیں۔


یعنی عمارتوں کو براہ راست سورج کی روشنی سے بچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو انہیں ٹھنڈا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔












#Paris olympics
#games
#Olympic Games
#Paris
#France
#Sports
2 ماہ واپس