پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ بولرز وہاب ریاض اور عبدلرزاق کو سیلکشن کمیٹی سے ہٹا دیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈکپ 2024 میں پاکستان امریکا کے خلاف ہونے والے پہلے میچ اور انڈیا کے خلاف دوسرے میچ میں بُری طرح ہار گیا تھا اور گروپ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ سکا تھا جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا اور سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا۔
ورلڈکپ میں بُری پرفارمنس کے بعد پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے اور ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کوچز اور سابق پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
ویسے تو وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹانے سے متعلق پہلے ہی خبریں گردش کررہی تھیں لیکن آج پی سی بی نے اس کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج اعلان کیا ہے کہ عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی قومی سلیکشن کمیٹی میں مزید ضرورت نہیں ہے۔ عبدالرزاق ویمن اور مین کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے جب کہ وہاب ریاض مین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے۔
گزشتہ سال ایشیا کپ کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم میں اندرونی تنازعات چل رہے تھے جس کی وجہ سے پی سی بی کو بھی تنقید کا سامنا رہا اس کے علاوہ پی سی بی کی قیادت کی تبدیلیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے فیصلوں کو بھی زیربحث لایا گیا ہے۔