فلپائن کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں ایک مہینے کے اندر چھٹا بڑا طوفان ’مان یی‘ ٹکرا گیا۔اس سے پہلے سپر ٹائفون کانگ رے، دوسرا ٹائفون ینزنگ، تیسرا طوفان ترامی،چوتھا طوفان توریجی اور پھر پانچواں طوفاں اساگی ٹکرایا تھا۔
اور اب ’مین یی‘ نامی طوفان اس مہینے فلپائن کے جزیرے لوزون سے ٹکرانے والا چھٹا بڑا طوفان ہے۔ کچھ ہی دن پہلے ’ٹائفون توریجی‘ اس علاقے سے ٹکرایا تھا لیکن شہریوں کو پہلے ہی یہاں سے نکال لیا گیا تھا لہٰذا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے طوفان آنے کی شدت میں ہرسال اضافہ ہو رہا ہے۔
فلپائن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ مان-یی سے ہونے والی بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس میں 7 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔
ادارے نے خبردار کیا تھا کہ مان یی کے ’تباہ کن‘ اثرات ہو سکتے ہیں۔
طوفان کے آگے بڑھنے کے بعد ملک کے متاثرہ علاقوں میں تیز ہواوٴں کے باعث درخت اکھڑ گئے، بجلی کی تاریں گر گئیں، اور سمندری لہروں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا باعث سے کئی گھر تباہ ہوگئے۔
فلپائن میں عام طور پر ہر سال تقریباً 20 طوفان آتے ہیں۔ تاہم اکتوبر کے آخری ہفتے سے اب تک ملک میں چھ طوفان آچکے ہیں جن میں سے چار اس مہینے ٹکرائے ہیں۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ نومبر میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔
اس سے پہلے ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے لزون کے ساحلوں سے ’اساگی‘ طوفان ٹکرایا تھا۔
یاد رہے کہ اس ماہ آنے والے طوفان ترامی، ٹائفون ینزنگ، اور سُپر ٹائفون کانگ رے میں 159 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
زیادہ تر ہلاکتیں طوفان ترامی کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ کے دوران رپورٹ ہوئیں۔