پنجاب میں سموگ کا راج، 20 لاکھ لوگ سانس کی بیماریوں میں مبتلا

07:4517/11/2024, Pazar
جنرل17/11/2024, Pazar
ویب ڈیسک
سموگ کی وجہ سے شہریوں کی آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
سموگ کی وجہ سے شہریوں کی آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

پاکستان کا آبادی کے لحاظ سے دوسرا بڑا شہر لاہور اس وقت سموگ کی ایک موٹی تہہ کی پلیٹ میں ہے۔ شہر کی سڑکیں، عمارتیں، پارک سبھی دھند میں ڈھکے ہوئے ہیں۔ وہیں دوسری طرف لاہور کے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا۔ سموگ کی وجہ سے شہریوں کی آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے ایک مہینے میں صوبے بھر میں تقریبا 20 لاکھ لوگ سانس لینے میں دشواری اور سانس کی دیگر بیماریوں کے باعث ہسپتالوں کا رُخ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 19 لاکھ 34 ہزار 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں لاہور سے ایک لاکھ 26 ہزار 230 کیسز ہیں۔ بدھ اور جمعرات کے درمیان پنجاب بھر میں سانس لینے میں دشواری اور سینے میں انفیکشن کے 68 ہزار 917 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کیسز میں سے 6 ہزار 236 لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ چودہ نومبر کی رات 9 بجے تک لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 1100 تھا۔

گزشتہ چند ہفتوں سے فضائی آلودگی کی وجہ سے گہری سموگ پنجاب کے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ اس میں لاہور اور ملتان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ملتان میں اے کیو آئی ریڈنگ پہلے ہی دو بار 2000 کراس کر چکی ہے جس سے فضائی آلودگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔

پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کے مطابق فضائی آلودگی پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال 25 فیصد بڑھ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی زیادہ مقدار کے سامنے آنے سے نہ صرف سانس کی بیماریاں ہوتی ہیں بلکہ ڈپریشن بھی جنم لیتا ہے اور بچوں کی نشوونما پر بھی گہرا اثر پڑتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سموگ پھیپھڑوں کے ٹشوز کو نقصان پہنچاتی ہے اور خاص طور پر دمہ جیسی پہلے سے موجود سانس کی بیماریوں کے شکار افراد کے لیے بہت خطرناک ہے۔

دوسری طرف ایسے وقت میں کہ جب ملک میں مہنگائی پہلے ہی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے، ایئر پیوری فایئر بھی مہنگا ہے۔ ان چیزوں کی قیمت 25 ہزار روپے سے لے کر ایک لاکھ 50 ہزار روپے سے زیادہ تک ہے۔


#سموگ
#لاہور
#پاکستان
#ماحولیاتی تبدیلی