ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی کمپنی ڈیپ سیک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو امریکہ کی ٹیک انڈسٹری کے لیے ’ویک اَپ کال‘ قرار دے دیا۔
پیر کے روز بڑی ٹیک کمپنیوں جیسے اینویڈیا کے شیئرز میں شدید کمی دیکھنے کو ملی، کمپنی کو مارکیٹ شئیرز میں تقریباً 600 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ڈیپ سیک نے دعویٰ کیا کہ اس کا آر ون ماڈل حریف کمپنیوں کے مقابلے میں بہت کم لاگت پر تیار کیا گیا ہے، جس سے سوال اٹھ گئے ہیں کہ امریکی ٹیک کمپنیاں مصنوعی ذہانت میں اربوں ڈالر کیوں لگا رہی ہیں۔
بیس جنوری کو لانچ ہونے کے صرف ایک ہفتے بعد ڈیپ سیک امریکہ میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی مفت ایپ بن گئی ہے۔
ڈیپ سیک کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا چائنہ کی اے آئی ٹیکنالوجی میں پیش رفت امریکہ کے لیے ’اچھی‘ ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چین کم قیمت پر اے آئی ماڈل تیار کر سکتا ہے اور اس کے نتائج بھی مہنگے اے آئی ماڈلز جیسے ہوسکتے ہیں تو میرے خیال میں یہ امریکہ کے لیے اچھی خبر ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس پیش رفت کے بارے میں فکر مند نہیں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ’امریکہ کے پاس سب سے عظیم سائنس دان ہیں اور یہ بات مجھے چینی قیادت بھی بتا چکی ہے۔‘
ڈیپ سیک کیا ہے؟
ڈیپ سیک کمپنی کی بنیاد 2023 میں چائنہ کے شہر ہانگزو میں لیانگ وینفینگ نے رکھی تھی۔40 سالہ لیانگ انفارمیشن اینڈ الیکٹرانک انجینئرنگ کے گریجویٹ ہیں۔ وہ ’ہائی فلائر‘ نامی چینی فنڈ کے شریک بانی بھی ہیں۔
2024 میں ایک انٹرویو میں لیانگ نے کہا تھا کہ وہ اپنے اے آئی ماڈل کے پچھلے ورژن پر ردعمل سے حیران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع نہیں تھی کہ قیمتوں کا تعین اتنا حساس مسئلہ ہوگا۔ ہم صرف اپنی رفتار پر چل رہے تھے۔
مارچ 2023 میں لیانگ وینفینگ کے ’ہائی فلائر‘ فنڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک نیا تحقیقی گروپ بنا رہے ہیں جو آرٹیفیشل جنرل انٹیلی جنس پر تحقیق کرے گا۔ آرٹیفیشل جنرل انٹیلی جنس وہ ٹیکنالوجی ہے جو انسان کی طرح سوچنے اور سیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس تحقیق کے نتیجے میں 2023 کے آخر میں ڈیپ سیک نامی کمپنی کی بنیاد رکھی گئی۔
ڈیپ سیک کی چند اہم خصوصیات:
یہ جدید اے آئی ماڈلز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو دوسرے بڑے اے آئی سسٹمز کی طرح کام کرتے ہیں، مگر کم قیمت پر۔
ڈیپ سیک کی تیاری میں اوپن سورس ڈیپ سیک وی تھری ماڈل کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دیگر کمپنیوں کے اے آئی ماڈلز کے مفت ورژنز یقیناً موجود ہیں مگر وہ ہماری طرح پریمیئم فیچرز تک مفت رسائی نہیں دیتے۔
حساب، کوڈنگ اور دیگر معاملات میں یہ اوپن اے آئی کے جدید ترین ماڈل سے مقابلہ کر سکتی ہے۔
ہیلو، ہماری سائٹ پر آپ جو کمنٹس شیئر کرتے ہیں وہ دوسرے صارفین کے لیے بھی اہم ہیں۔ براہ کرم دوسرے صارفین اور مختلف رائے کا احترام کریں۔ بدتمیز، نامناسب، امتیازی یا تضحیک آمیز زبان استعمال نہ کریں۔