بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود اسرائیل کو ہتھیار دینے پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کیا کہا؟

11:055/09/2024, جمعرات
general.g5/09/2024, جمعرات
ویب ڈیسک

واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پوچھا کہ امریکہ نے برطانیہ کی طرح اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کیوں نہیں روکی۔

یاد رہے کہ ایک روز پہلے برطانیہ نے اسرائیل کو کچھ ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی لگا دی تھی۔

برطانیہ کی طرح امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیار کی فراہمی پر پابندی نہ لگانے سے متعلق ایک صحافی کے سوال پر امریکی محکمہ ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ’امریکہ برطانیہ کے قانون کے تحت کوئی فیصلہ نہیں کرتا۔ اسی طرح ہم برطانیہ سے یہ توقع نہیں کریں گے کہ وہ امریکی قوانین کے تحت کوئی فیصلہ کرے۔‘

جب صحافی نے ایک بارپھر سوال کیا کہ برطانیہ اور امریکہ کے ایک جیسے اقدار رکھتے ہیں لیکن ایک ہی مسئلے پر دو مختلف رائے کیوں ہے؟ جس پر میتھیو ملر نے کہا کہ ’ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے۔ پہلی بات یہ کہ ’اسرائیل کی انٹرنیشنل قانون کی خلاف ورزی سے متعلق ہم کچھ رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہم اب تک فائنل فیصلہ نہیں لیا۔ امریکی قانون کے مطابق کوئی بھی حتمی فیصلے کرنے سے پہلے ہمیں کچھ سوالوں کا جواب ڈھونڈنا ہوگا۔‘


30 ہتھیاروں کا لائسنس کینسل کردیں گے، برطانیہ


برطانیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو کچھ ہتھیار نہیں دے گا کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ان ہتھیاروں کو اسرائیل غزہ میں استعمال کررہا ہے۔ البتہ امریکا نے اب تک اسرائیل کو ہتھیار دینے پر پابندی نہیں لگائی۔ امریکہ اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے والا اب تک کا سب سے بڑا ملک ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 2019 اور 2023 کے درمیان اسرائیل کے بڑے ہتھیاروں کی درآمدات میں امریکہ کا حصہ 69 فیصد تھا۔

برطانیہ کے سکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ برطانیہ اسرائیل کو اسلحے کی ایکسپورٹ کے 350 لائسنسز میں سے 30 لائسنس کینسل کردے گا جس میں لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز کے پرزے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’خدشہ ہے کہ ان کا استعمال بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی میں یا سہولت کاری کے لیے کیا جائے گا۔‘

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے اسرائیل کو اسلحہ برآمد کرنے کے کچھ لائسنس معطل کرنے کے اپنی حکومت کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کے ساتھ کھڑا رہے گا تاہم بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔





#اسرائیل حماس جنگ
#امریکا
#اسرائیل