انٹرنیٹ کا مسئلہ: 7 میں سے 2 سب میرین کیبلز خراب ہیں، پی ٹی اے

09:5623/08/2024, Cuma
general.g3/10/2024, Perşembe
ویب ڈیسک
پی ٹی اے نے کہا کہ  پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر ملانے والی 7 سب میرین کیبلز میں سے 2 کے خراب ہوئی ہیں۔
پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر ملانے والی 7 سب میرین کیبلز میں سے 2 کے خراب ہوئی ہیں۔

پاکستان میں انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹ کو سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی سے منسوب کرنے کے ایک دن بعد ملک کے ٹیلی کام ریگولیٹر نے واضح کیا کہ بین الاقوامی سطح پر ملانے والی 7 سب میرین کیبلز میں سے 2 کے خراب ہو جانے کی وجہ سے انٹرنیٹ سست ہے۔


پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیان جاری کیا کہ پہلی کیبل کو ایران اور قطر کے درمیان ری راؤٹنگ کی وجہ سے 250جی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ دوسری کیبل بھی کراچی کے قریب خراب ہو گئی ہے۔


بیان میں کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کی سہولت کے لیے آپریٹرز دیگر دستیاب کیبلز پر ٹریفک کو دوبارہ راؤٹ کر رہے ہیں۔ متعلقہ ٹیمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔


بیان میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی اے اس وقت تک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے جب تک کہ انٹرنیٹ کی رفتار معمول پر نہ آجائے اور صارفین کو مزید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔


ایک دن پہلے پی ٹی اے نے سوشل میڈیا مواد کو منظم کرنے کے لیے نیشنل فائر وال سسٹم (این ایف ایس) کی تنصیب کا اعتراف کیا لیکن اصرار کیا کہ حالیہ انٹرنیٹ سروس میں خلل سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے تھا۔


بدھ کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام میٹنگ میں پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے انٹرنیٹ متاثر ہونے کا ملبہ زیرسمندر کیبل فالٹ پر ڈال دیا تھا۔


انہوں نے مزید کہا تھا کہ 27 اگست تک کا وقت ہے کیبل ٹھیک ہوجائے گی، اس صورتحال پر وی پی این کے استعمال سے مقامی انٹرنیٹ ڈاؤن ہوا۔





#Internet
#Pakistan
#VPN