پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں نامعلوم مسلح افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کم از کم 2 بچے ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جمعرات کو ضلع اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں اسکول وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی تھی۔ جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق نامعلوم مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے، اٹک پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بابر سرفراز الپا نے کہا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا۔
آر پی او نے کہا کہ ’فائرنگ کا مقصد ڈرائیور کو نشانہ بنانا تھا لیکن اس سے بچوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔‘
آر پی او سرفراز نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملے میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں ایک 9 سالہ لڑکا اور ایک 10 سالہ لڑکی شامل ہے۔
حملے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنر راولپنڈی عبدالعامر خٹک سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اٹک میں بچوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں صدر نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور شرمناک فعل ہے، حکام کو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔