غزہ پر قبضے کے پلان کے تحت فلسطینیوں کو غزہ واپس آنے کا حق نہیں ہوگا، ٹرمپ

06:4511/02/2025, منگل
جنرل11/02/2025, منگل
ویب ڈیسک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
تصویر : روئٹرز / فائل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے غزہ پر قبضے کے منصوبے کے تحت وہاں سے بےدخل کیے گئے 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو واپس آنے کا حق نہیں ہوگا۔

امریکی صدر کا یہ بیان نسلی صفائی کی حمایت کے مترادف ہے۔ انہوں نے غزہ پر قبضے کا منصوبہ پچھلے ہفتے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ایک اجلاس میں پیش کیا تھا، جس پر عرب ممالک نے شدید ردعمل دیا تھا۔

فاکس نیوز کے بریٹ بیئر کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ غزہ پٹی پر ’قبضہ‘ کریں گے اور یہ ’مستقبل کا ایک رئیل اسٹیٹ پروجیکٹ‘ ہوگا۔

ساتھ ہی انہوں نے فلسطینیوں کو مصر اور اردن میں دوبارہ آباد کرنے کے منصوبے کی حمایت بھی کی، تاہم یہ دونوں ممالک ٹرمپ کے پلان کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اور خطے کے بڑے عرب ممالک نے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کے باہر فلسطینیوں کی رہائش کے لیے 6 مختلف جگہیں ہوں گی اور انہیں امریکہ کی جانب سے مالی مدد بھی ملے گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا فلسطینیوں کو غزہ واپس جانے کا حق ملے گا تو انہوں نے کہا کہ ’نہیں، انہیں غزہ واپس جانے کا حق نہیں ہوگا، کیونکہ ہم انہیں اس سے کہیں بہتر رہائش فراہم کریں گے۔‘

ٹرمپ نے وضاحت کی کہ وہ فلسطینیوں کے لیے ایک مستقل جگہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، فلسطینیوں کو اگر واپس بھی آنا ہو تو کئی سال لگ جائیں گے کیونکہ غزہ ابھی رہنے کے قابل نہیں۔

اب تک پینٹاگون یا امریکی محکمہ خارجہ میں اس بارے میں کوئی سنجیدہ بحث نہیں ہوئی کہ امریکہ قانونی یا عملی طور پر ٹرمپ کے اس منصوبے کو کیسے انجام دے گا۔

اتوار کے روز اقوامِ متحدہ کے انڈیپنڈنٹ انٹرنیشنل کمیشن کی سربراہ ناوی پلّے نے کہا کہ ٹرمپ کا منصوبہ انٹرنیشنل کرائم اور نسلی صفائی (ethnic cleansing) کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ’قانون کے تحت ٹرمپ کسی بھی طرح فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل نہیں کرسکتے‘۔

1948 کی عرب-اسرائیل جنگ میں اپنے گھر اور زمینیں کھونے والے 15 لاکھ سے زائد فلسطینی اور ان کی اگلی نسلیں آج بھی بے گھر ہیں۔ وہ اب بھی اردن، لبنان، شام، غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں مہاجر کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں:




#امریکا
#حماس اسرائیل جنگ
#غزہ
#فلسطین
#اسرائیل
#حماس