ایڈیٹنگ:

لبنان میں حزب اللہ اراکین کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے، 11 افراد ہلاک، 2 ہزار سے زائد زخمی

08:2818/09/2024, Çarşamba
جی: 18/09/2024, Çarşamba
ویب ڈیسک
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم اسرائیل کو اس کا مکمل طور پر ذمہ دار سمجھتے ہیں۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم اسرائیل کو اس کا مکمل طور پر ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کے سیکڑوں پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد ہلاک اور دو ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق رابطے کے لیے استعمال ہونے والے پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے حزب اللہ کے متعدد اراکین بھی زخمی ہوئے۔

دھماکوں کا سلسلہ 17 ستمبر کی شام 4 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ ان دھماکوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔

حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ علی عمار کے بیٹے محمد مہدی عمار کی بھی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ اس کے دو اراکین مارے گئے ہیں۔

لبنان کے وزیر صحت فراس ابیاد نے الجزیرہ کو بتایا کہ ’تقریباً 2 ہزار 750 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 200 سے زیادہ کی حالت تشویشناک ہے۔ زیادہ تر لوگوں کے چہرے، ہاتھ اور پیٹ میں زخم آئے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ اب تک 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مرنے والوں میں ایک آٹھ سالہ بچی کی تصدیق ہوئی ہے۔ لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی دھماکوں میں زخمی ہوئے۔


حملوں میں کون ملوث تھا؟


حزب اللہ سمیت نے ان حملوں کا الزام اسرائیل پر لگایا ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ 8 اکتوبر2023 سے لبنان-اسرائیل سرحد پر ایک دوسرے پر فائرنگ کررہے ہیں۔

حال ہی میں اسرائیلی سیاست دانوں اور میڈیا کی جانب سے حزب اللہ کو سرحد سے پیچھے ہٹانے کے لیے لبنان کے خلاف فوجی کارروائی سے متعلق بیانات سامنے آئے تھے تاکہ قریب 60 ہزار اسرائیلیوں کی واپسی ہو سکے۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم اسرائیل کو اس کا مکمل طور پر ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ اسرائیل کو اس جارحیت کی قیمت چکانا پڑے گی۔ اسرائیل کے پاس ایسی ٹیکنالوجی ہے جو کسی بھی نیٹورک کو ہیک کرسکتی ہے'۔








#لبنان
#حزب اللہ
#اسرائیل
#اسرائیل حماس جنگ
#مشرقی وسطیٰ

دن کی اہم ترین خبریں بذریعہ ای میل حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ یہاں سبسکرائب کریں۔

سبسکرائب کر کے، آپ البائیراک میڈیا گروپ کی سائٹس سے الیکٹرانک مواصلات کی اجازت دیتے ہیں اور استعمال کی شرائط اور رازداری کی پالیسی سے اتفاق کرتے ہیں۔