
صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں مذہبی انتہاپسندوں نے غیر ملکی فاسٹ فوڈ چین ’کے ایف سی‘ کی برانچ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر ایک ملازم کو قتل کردیا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ 14 اپریل کو پیش آیا۔ انگریزی اخبار ڈان سے بات کرتے ہوئے شیخوپورہ کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) اطہر اسماعیل نے بتایا کہ دو افراد فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کے باہر آئے اور ان میں سے ایک نے باہر سے فائرنگ کی۔
ان کے مطابق گولیاں آؤٹ لیٹ کے اندر کام کرنے والے ورکر کو لگیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آور اندر داخل نہیں ہوئے تھے۔
گولیوں کا نشانہ بننے والے ورکر کی شناخت 45 سالہ آصف نواز کے طور پر ہوئی ہے، جو خان کالونی کا رہائشی تھا اور آؤٹ لیٹ کے کچن میں کام کر رہا تھا۔ اُسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔
آر پی او کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے 14 اپریل کو اسرائیل مخالف احتجاج کی کال دی تھی اور پارٹی کی جانب سے پولیس اور انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ مظاہرے پرامن رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مظاہرے دن کے وقت ہوئے اور مظاہرین منتشر ہو چکے تھے، جبکہ فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ پر حملہ رات کے وقت کیا گیا۔
پولیس اور خفیہ اداروں نے شیخوپورہ میں سرچ آپریشن شروع کیا، مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور تقریباً 40 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم واقعے کے 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس مرکزی مشتبہ ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔
پنجاب پولیس کے سربراہ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈان کو بتایا کہ 14 اپریل کی رات 11 بج کر 5 منٹ پر پولیس کو کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ دو نامعلوم افراد شیخوپورہ میں واقع آؤٹ لیٹ پر آئے اور آصف کو گولی مار دی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد فاسٹ فوڈ چین کے دیگر آؤٹ لیٹس پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم کو بھی شواہد اکٹھے کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
واقعے کی بنیاد پر پولیس کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
آئی جی نے بتایا کہ 40 مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔
اس سے قبل بھی تحریک لبیک پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ نے لاہور کے ڈیفنس فیز فور میں واقع اسی فاسٹ فوڈ چین کے ایک اور آؤٹ لیٹ پر حملہ کر کے نقصان پہنچایا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس حملے میں ملوث 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی نے اسرائیل کو ایک دہشت گرد اور مجرمانہ ریاست قرار دیتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات اور کمپنیوں کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بائیکاٹ کے دوران عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ہم اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان جرائم کو روکنے کے لیے ہر ممکن حد تک کردار ادا کرنا ضروری ہے۔‘






