
اسرائیلی فضائی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں کم از کم 39 مزید فلسطینی مارے گئے، جس کے بعد اکتوبر 2023 کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار 983 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 118 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 274 ہوگئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’متعدد لاشیں ملبے تلے پھنسی ہیں کیونکہ امدادی کارکن وہاں تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔‘
جنگ بندی ختم کے بعد اسرائیلی فوج نے 18 مارچ کو غزہ کی پٹی پر اچانک فضائی حملے شروع کیے تھے، جس میں ایک ہزار 613 افراد مارے گئے اور 4 ہزار 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
گزشتہ سال نومبر میں انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر وارنٹ جاری کیے تھے۔
اسرائیل کو غزہ میں جنگ کے باعث انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔






