
مسجد کی تعمیر 10 اکتوبر 2022 کو شروع ہوئی، جس کے تمام مالی اخراجات، 70 لاکھ ڈالر، البیراک گروپ نے خود برداشت کیے۔
گنی کے دارالحکومت کوناکری میں ایک نئی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا۔ ترکیہ کی البیراک گروپ کے زیر اہتمام تعمیر کی گئی اس مسجد کا نام ترکیہ کے صدر ’رجب طیب اردوان‘ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
یہ مسجد عثمانی اور سلجوقی طرزِ تعمیر سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے اور ترکیہ اور گنی کے درمیان گہرے تعلقات کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکام اور ترکیہ کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مذہبی و ثقافتی روابط اور باہمی تعاون پر روشنی ڈالی گئی۔

تعاون پر مبنی منصوبہ
یہ منصوبہ اس وقت شروع ہوا جب گنی کے اس وقت کے چیف آف جنرل اسٹاف صدیبہ کولیبالی نے فوجی احاطے میں مساجد کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے ترکیہ کی البیراک گروپ سے تعاون کی درخواست کی۔ اس کے جواب میں البیراک گروپ نے ایک وسیع اور جامع منصوبے کی تجویز پیش کی۔
مسجد کی تعمیر 10 اکتوبر 2022 کو شروع ہوئی، جس کے تمام مالی اخراجات، 70 لاکھ ڈالر، البیراک گروپ نے خود برداشت کیے۔ یہ مسجد 2 ہزار 500 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کی گئی ہے، جس میں ایک ہزار 100 مربع میٹر کا بند احاطہ شامل ہے۔ مسجد میں مجموعی طور پر ایک ہزار 175 نمازیوں کی گنجائش ہے، جن میں سے 475 اندرونی ہال اور 700 صحن میں نماز ادا کر سکتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں گنی کے صدر مامادی دومبویا، وزیرِاعظم آمادو اوری باہ، وزیرِ دفاع ابوبکر سیدیقی کامارا، اور وزیرِ مذہبی امور کارامو دیاوارا نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ متعدد وزراء، سفیر اور سفارتی نمائندے بھی موجود تھے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے تقریب میں انقرہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ البیراک گروپ کی نمائندگی چیئرمین احمد البیراک اور البیراک کنسٹرکشن کے جنرل مینیجر یونس یلماز نے کی۔ گنی میں البیراک گروپ کے ملازمین، ترکیہ کے سفیر رفعت جِم اورنَک اور ترک فوجی اتاشی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔


مقررین نے اس موقع پر مسجد کی ثقافتی اور سفارتی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ترکیہ اور گنی کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔
یہ مسجد ایک ثقافتی نشان کے طور پر ڈیزائن کی گئی ہے، جس میں ترکیہ کی تاریخی تعمیراتی روایات کی جھلک نمایاں ہے۔ اس کے گنبد ایلومینیم سے تیار کیے گئے ہیں اور ان کے اردگرد 24 رنگین شیشوں والی کھڑکیاں نصب ہیں۔ مسجد کے دو مینار ترکیہ سے منگوائے گئے خاص ساخت کے رنگ سے مزین ہیں، جو اس کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہیں۔
مسجد کے اندرونی ہال میں 18 ملی میٹر موٹے اُونی قالین بچھائے گئے ہیں، جو ترکیہ میں تیار کیے گئے ہیں۔ محراب (نماز کی جگہ) خاص تراشے گئے سنگِ مرمر سے بنی ہے۔
مسجد کے اندرونی حصے کو روایتی اسلامی خطاطی سے مزین کرنے کے لیے ایک ترک خطاط کی خدمات حاصل کی گئیں۔ روشنی کے لیے مرکزی 9 میٹر چوڑا فانوس نصب کیا گیا ہے، جس کے ساتھ سات اضافی جھاڑ فانوس اور 25 دیواری لیمپ لگائے گئے ہیں۔
مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصے کی نگرانی کے لیے 8 کیمروں پر مشتمل سیکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔
برادرانہ تعلقات کی پائیدار علامت
البیراک گروپ 2017 سے گنی میں مختلف بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جن میں ایئرپورٹ کا انتظام، کچرے کی صفائی، عوامی نقل و حمل، اور زراعت شامل ہیں۔ تاہم گروپ نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کے مذہبی اور ثقافتی منظرنامے میں حصہ ڈالنا ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔
البیراک گروپ کے چیئرمین نے کہا کہ ’میرے لیے یہ مسجد محض ایک عمارت نہیں بلکہ کوناکری کے شہری منظرنامے میں جڑی ایک قیمتی نشانی ہے، جو ہمارے مشترکہ عقیدے اور ورثے کی عکاسی کرتی ہے۔‘










