|

بنوں کینٹ میں دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام، کلیئرنس آپریشن جاری

09:56 - 15/07/2024 Pazartesi
اپ ڈیٹ: 11:04 - 15/07/2024 Pazartesi
ویب ڈیسک
بنوں میں دھماکوں کی آواز سنی گئی
بنوں میں دھماکوں کی آواز سنی گئی

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آج صبح صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کینٹ کی حدود میں ایک دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا۔


ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے بنوں کینٹ کی بیرونی دیوار کے قریب سڑک پر بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا کر ہائی سیکیورٹی والے علاقے کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔


رپورٹ میں کہا گیا کہ ’سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔‘


جیو نیوز کے مطابق واقعے میں آٹھ شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


یاد رہے کہ بنوں میں آج صبح چار بجکر چالیس منٹ پر کنٹونمنٹ کی حدود میں قریب دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔


مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ دھماکوں کے بعد قریب واقع مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔


دوسری جانب انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق اس دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور آپریشن جاری ہے۔


رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق دھماکہ بارود سے بھری گاڑی سے کیا گیا جس سے مکانات اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔


پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ


کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے نومبر 2022 میں حکومت کے ساتھ سیز فائر کے مذاکرات ختم ہونے کے بعد پاکستان کے صوبوں خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پچھلے سال سے دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


گزشتہ ہفتے اسلام آباد نے ایک بار پھر ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی بھی بات چیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔


سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی جانب سے جاری کردہ سالانہ سیکیورٹی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2023 کے دوران پاکستان میں 789 دہشت گرد حملے ہوئے جن میں ایک ہزار 524 ہلاکتیں اور ایک ہزار 463 شہری زخمی ہوئے، یہ تعداد پچھلے چھ سال کے اعداوشمار میں سب سے زیادہ ہے۔


خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، رپورٹ کے مطابق ان صوبوں میں 90 فیصد سے زیادہ ہلاکتیں اور 84 فیصد حملے ہوئے، جن میں دہشت گردی کے واقعات اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں شامل ہیں۔


#Blast
#KPK
#Bannu
#Terrorism
1 ay önce