|

لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

08:53 - 11/07/2024 Perşembe
اپ ڈیٹ: 15:18 - 11/07/2024 Perşembe
ویب ڈیسک
جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں
جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں

آج صبح گورنر ہاؤس لاہور میں جسٹس عالیہ نیلم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا جس کے بعد وہ لاہور ہائی کورٹ کی پہلی چیف جسٹس بن گئی ہیں۔


حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوٴس لاہور میں ہوئی جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے جسٹس عالیہ نیلم سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔


تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز رضوی، جسٹس شمس محمود مرزا سمیت کئی دیگر ججز نے بھی شرکت کی۔


اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔


یاد رہے کہ پچھلے ہفتے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس عالیہ نیلم کے عہدے میں ترقی کی منظوری دی تھی۔


کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کے لیے قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس علی باقر نجفی سمیت تین ججوں کی نامزدگیوں پر غور کیا تھا۔


لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا عہدہ 7 جون کو جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد خالی ہو گیا تھا جس کے بعد جسٹس شجاعت علی خان کو لاہور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔


7 جون کو ہونے والے اجلاس کے دوران جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کے لیے عالیہ نیلم کے نام پر غور کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


جسٹس عالیہ نیلم کی تاریخ پیدائش 12 نومبر 1966 ہے۔ انہوں نے 1995 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور پھر وکالت کی ڈگری لینے کے بعد 1996 میں وکیل بنیں۔


جسٹس عالیہ نیلم نے بطور جج 203 اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہیں صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی پہلی خاتون ایڈمنسٹریٹو جج ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔


حالیہ برسوں میں پاکستان کی خواتین ججز کو عدالت کے اعلیٰ عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ جسٹس محمد نور مسکانزئی کی ریٹائرمنٹ کے بعد 2018 میں جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔


اس کے بعد جسٹس عائشہ اے ملک 2021 میں سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون جج تھیں۔



#Lahore
#High court
#Justice Alia Neelum
#Women empowerment
20 gün önce