|

اسرائیل کا حماس کے عسکری چیف محمد الضیف کی ہلاکت کا دعویٰ

13:15 - 1/08/2024 جمعرات
اپ ڈیٹ: 18:03 - 1/08/2024 جمعرات
ویب ڈیسک
القسام بریگیڈ کے قائد محمد الضیف
القسام بریگیڈ کے قائد محمد الضیف

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے عسکری چیف محمد الضیف 13 جولائی کو غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ ’ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ محمد الضیف کو ہلاک کردیا گیا ہے‘۔


دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے اپنے عسکری چیف کی ہلاکت سے متعلق فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔


تاہم حماس کے ممبر عزت الرشق نے کہا کہ ’محمد الضیف کے قتل کی خبر غیر مصدقہ ہے۔‘


انہوں نے ٹیلی گرام پر حماس کے عسکری ونگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’القسام بریگیڈ کے کسی رہنما کی شہادت کی تصدیق یا تردید کرنا ’القسام بریگیڈ کی قیادت کا معاملہ ہے۔‘


اسرائیل کا کہنا ہے کہ الضیف سات اکتوبر کو اسرائیل میں ہونے والے ان حملوں میں سے ایک تھے جس میں 1200 افراد ہلاک اور 251 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔


اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے محمد الضیف کو ’غزہ کا اسامہ بن لادن‘ قرار دیا اور ان کی موت کو ’غزہ میں حماس کو ختم کرنے کی سرگرمیوں میں ایک اہم سنگ میل‘ قرار دیا۔


انتہائی دائیں بازو کے وزیر نے ایکس پر لکھا کہ ’جیت حاصل کرنے سے پہلے ہمیں قطعی نہیں رکیں گے۔


انہوں نے کہا کہ ’حماس کے دہشت گرد یا تو سرندڑ کریں یا ہم انہیں ختم کردیں گے، جب تک ہم اپنا مشن حاصل نہیں کرلیتے ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے‘۔


اسرائیلی فوج کی جانب سے محمد الضیف کی ہلاکت کی تصدیق کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پچھلے روز حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں قتل کر دیا گیا تھا تاہم اسرائیل نے ان کی موت کی نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی ہے۔


اکتوبر میں اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کیا جس میں اب تک کم از کم 39 ہزار 480 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


القسام بریگیڈ کے قائد محمد الضیف کو جولائی میں غزہ کے شہر خانس یونس میں ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 90 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوئے تھے جسے اسرائیل نے ’محفوظ زون‘ بھی قرار دیا تھا۔


اس حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے ’انٹیلی جنس‘ کی بنیاد پر اس علاقے کو نشانہ ہے جہاں حماس کے ’دو سینئر دہشت گرد‘ اور دیگر جنگجووٴں شہریوں کے درمیان چھپے ہوئے تھے۔


بعد ازاں ایک نیوز کانفرنس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کے جن دو رہنماوٴں کو نشانہ بنایا گیا وہ محمد الضیف اور حماس کے سینئر کمانڈر رافع سلامہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں میں کس کی ہلاکت ہوئی ہے۔


#Hamas
#Palestine
#Gaza
#Israel-Gaza war
1 مہینہ واپس