|

حماس نے نیتن یاہو کی امریکی کانگریس میں تقریر کو ’جھوٹ کا پلندہ‘ قرار دیدیا

16:00 - 25/07/2024 Perşembe
اپ ڈیٹ: 17:42 - 25/07/2024 Perşembe
ویب ڈیسک
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے امریکی کانگریس سے خطاب کیا اور غزہ میں جاری جنگ کا دفاع کیا
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے امریکی کانگریس سے خطاب کیا اور غزہ میں جاری جنگ کا دفاع کیا

حماس نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی امریکی کانگریس میں تقریر کی مذمت کرتے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندہ (شو آف لائیس) قرار دیا۔


حماس کے سینئر لیڈر عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ ’کرمنل نیتن یاہو کی تقریر جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں تھی۔


حماس نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ نیتن یاہو کو جنگی مجرم کے طور پر گرفتار کر کے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے حوالے کر دیا جاتا، اس کی بجائے وہ امریکی کانگریس کے سامنے اپنی شبیہ چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں، آئی سی سی نے نیتن یاہو کے خلاف جنگی جرائم کے لیے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی ہے۔


بیان میں مزید کہا کہ ’بہتر ہوتا ہے کہ نیتن یاہو کو جنگی مجرم کے طور پر گرفتار کرکے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے حوالے کردیا جاتا‘۔


واضح رہے کہ نیتن یاہو اس وقت امریکا کا دورہ کررہے ہیں اور بدھ کو انہوں نے امریکی کانگریس کے اجلاس سے خطاب کیا تھا اور غزہ میں ’فتح‘ تک جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا۔


نیتن یاہو نے کہا کہ ’اسرائیل جو جنگ لڑ رہا ہے وہ بربریت اور تہذیب کے درمیان ہے، امریکا اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ، ہم ایک ساتھ مل کر جیت جاتے ہیں وہ ہار جاتے ہیں، صدر بائیڈن کی طرف سے اسرائیل کی فوجی امداد اور یرغمالیوں کی رہائی کی کوششوں کی تعریف کرتا ہو‘۔


انہوں نے کہا کہ ’میں نے رفح میں اپنے فوجی کمانڈر سے پوچھا کہ کتنے شہری ہلاک ہوئے ہیں؟ اس نے جواب دیا کہ وزیراعظم صاحب ایک بھی نہیں۔ سوائے ایک واقعے کے جب حماس کے ہتھیاروں کے ڈپو بم ٹکرایا اور حادثاتی طور پر درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔‘


نیتن یاہو نے کہا کہ ’اصل میں جواب ہے کہ ایک بھی شہری ہلاک نہیں ہوا آپ جانتے ہیں کیوں؟ کیونکہ اسرائیل شہریوں کو محفوظ علاقوں میں لے جانے میں کامیاب ہوا، کچھ لوگوں نے کہا کہ ہم ایسا نہیں کرسکیں گے، لیکن ہم نے کیا۔‘


اسرائیلی وزیراعظم آج صدر بائیڈن سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات کریں گے۔


غزہ کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اب تک 39 ہزار 100 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں اور 90 ہزار200 سے زیادہ زخمی ہیں۔



اسرائیلی جنگ کے 9 ماہ سے زیادہ عرصے میں غزہ خوراک، صاف پانی اور ادویات کی قلت کا شکار ہے۔


#Gaza
#Palestine
#Israel
#Israel-Gaza war
#Netanyahu
#America
1 ay önce