|

بنوں ’امن مارچ‘ فائرنگ: پختونخوا حکومت کا تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان

23:57 - 19/07/2024 Friday
اپ ڈیٹ: 17:04 - 20/07/2024 Saturday
ویب ڈیسک
بنوں میں امن مارچ کے دوران جمعے کو فائرنگ ہوئی تھی
بنوں میں امن مارچ کے دوران جمعے کو فائرنگ ہوئی تھی

خیبرپختونخوا حکومت نے بنوں میں ایک ’امن مارچ‘ میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کردیا۔


واضح رہے کہ 19 جولائی کو صوبے میں دہشت گردی کے خلاف ’امن مارچ‘ کی ریلی نکالی گئی تھی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی، تاہم نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔


ریلی کے دوران شہری سیکیورٹی اور امن بحال کرنے کا مطالبہ کررہے تھے، شرکا نے ریلی میں سفید جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔


عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ہجوم بنوں چھاؤنی کی طرف بڑھنے لگے، جہاں گزشتہ ہفتے ایک دہشت گرد حملہ بھی ہوا تھا۔


بنوں واقعے پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مذمت کی گئی، انسانی حقوق کے اداروں نے دعویٰ کیا کہ واقعے میں مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔


دوسری جانب پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے بنوں میں پرتشدد واقعے کی شدید مذمت کی اور خیبرپختونخوا میں اپنی صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ شفاف انکوائری کرائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خیبرپختونخوا کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بنوں میں صورتحال قابو میں ہے جبکہ ’حساس علاقوں‘ میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔


#Bannu
#Aman March
#Protest
#Terrorism
#Pakistan
#KPK
2 months ago