|

عمان: مسجد پر فائرنگ سے 4 پاکستانی جاں بحق، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

08:52 - 16/07/2024 Salı
اپ ڈیٹ: 12:16 - 17/07/2024 Çarşamba
ویب ڈیسک
مسقط میں مسجد پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔
مسقط میں مسجد پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

عمان کی ایک مسجد میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 30 ​​زخمی ہو گئے ہیں،واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔


یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا، جب عمان کے دارلحکومت مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام علی مسجد کے قریب مسلح ملزم نے فائرنگ کردی۔

جائے وقوعہ کی ویڈیوز میں لوگوں کو امام علی مسجد کے قریب سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔


عمانی اور پاکستانی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار پاکستانی شہری اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں اور کم از کم 30 دیگر افراد زخمی ہوئے۔


دوسری جانب داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تین خودکش حملہ آوروں نے پیر کی شام مسجد میں نمازیوں پر فائرنگ کی اور اگلی صبح تک عمانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔


داعش نے ٹیلی گرام ویب سائٹ پر حملے کی ویڈیو بھی شئیر کی۔ عمانی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں تین حملہ آور مارے گئے۔


تاہم پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ آیا حملہ کرنے کی وجوہات کیا تھیں یا کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ عمانی پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔


پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔




عمان میں پاکستان کے سفیر عمران علی نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں سے ملاقات کی، پاکستانی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ عمان میں مقیم تمام پاکستانیوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔


مسقط میں امریکی سفارت خانے نے فائرنگ کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔ سفارتخانہ نے بیان میں کہا کہ ’امریکی شہریوں خبردار رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں‘


عمان میں ایسا حملہ غیر معمولی ہے کیونکہ ملک میں جرائم کی شرح بہت کم ہے۔


داعش کی جانب سے عمان پر حملے سے قبل روس اور ایران میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرچکا ہے، مارچ میں داعش گروپ نے روس کے شہر ماسکو میں ایک کنسرٹ پر حملہ کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں ایک سو چالیس کے قریب لوگ ہلاک ہوئے تھے جبکہ جنوری میں ایران کے شہر کرمان میں دو دھماکوں کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں قریب سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔





#Terrorism
#Oman
#Pakistan
#ISIS
2 ay önce